ہانگ کانگ میں لگی وینڈنگ مشین کنواروں کو محبت تلاش کرنے میں مدد دے رہی ہے

Ameen Akbar امین اکبر جمعرات 16 اگست 2018 23:56

ہانگ کانگ میں لگی وینڈنگ مشین کنواروں کو محبت تلاش کرنے میں مدد دے رہی ہے
ایشیا میں وینڈنگ مشین کافی مقبول ہیں۔ ان کی مدد سے مختلف کاروبار اپنی اشیا فروخت کرتے ہیں۔ حد تو یہ ہے کہ اس کی مدد سے زندہ کیکڑے بھی فروخت کیے جا رہے ہیں۔ تاہم ہانگ کانگ میں ایک شخص نے  وینڈنگ مشین کے استعمال  کو نئی بلندیوں تک پہنچا دیا ہے۔ اس شخص نے وینڈنگ مشین کو ایسے سیٹ کیا ہے کہ کنوارے اس کی مدد سے محبت تلاش کرتے ہیں۔
فیٹ کیپسول (Fate Capsule) وینڈنگ مشین کولون کےمضافات میں    بی ٹی ریپٹائل نامی پالتو جانوروں کی ایک دوکان کے باہر لگی ہے۔

اس مشین کو اسی دوکان کے مالک نے نصب کیا ہے۔یہ بنیادی طور پر کئی خانوں پر مشتمل وینڈنگ مشین ہے، جسے مردوں اور عورتوں کے الگ الگ کمپارٹمنٹ میں تقسیم کیا گیا ہے۔ یہ مشین سکہ ڈالنے پر مختلف رنگوں کے پلاسٹک کے کیپسول نکالتی ہیں۔

(جاری ہے)

ان کیپسولز میں  ممکنہ محبت کے رابطے کی تفصیلات ہوتی ہیں۔ قسمت کا کیپسول نکالنے کے لیے اس مشین میں 20 ہانگ کانگ ڈالر یا 2.5 امریکی ڈالر کا سکہ  ڈالنا پڑتا ہے، جس کے بعد اس میں سے ایک رنگین کیپسول نکلتا ہے۔

اس کیپسول میں محبت کے متلاشی کسی لڑکے یا لڑکی کی تفصیل اور رابطہ کی معلومات لکھی ہوتی ہیں۔
بی ٹی ریپٹائل کے مالک بین ٹانگ نے اسی طرح کی  مشین تائیوان میں دیکھی تو اسے ہانگ کانگ میں بھی متعارف کرانے کا فیصلہ کیا۔ فیٹ کیپسول میں لکھی گئی تمام معلومات ایک فیس بک پیج کی مدد سے جمع کی جاتی ہیں۔ یہ تمام معلومات لوگ خود فراہم کرتے ہیں، جن کی وی چیٹ سے تصدیق کی جاتی ہے۔

اس کے بعد یہ معلومات فیٹ کیپسول میں  ڈال دی جاتی ہیں۔
بین ٹانگ کا کہنا ہے کہ اگر وہ چاہیں تو ہر روز 1000 سے زیادہ فیٹ کیپسول فروخت کرسکتے ہیں لیکن انہوں نے مشین کی کیپسول نکالنے کی رفتار کافی سست کی ہوئی ہے تاکہ لوگ زیادہ کیپسول نکالنے کی بجائے پہلے سے نکلے کیپسول پر درج معلومات کے بارے میں غور کریں۔
بہت سے لوگوں نے فیس بک پیج پر اس مشین کو فراڈ قرار دیا ہے۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ اکثر رابطہ کرنے پر  ان کا نمبر کاٹ دیا جاتا ہے اور  دوسرا  شخص ان کی دوستی کی درخواست قبول نہیں کرتا۔

متعلقہ عنوان :

Browse Latest Weird News in Urdu