رقم کمانے کے لیے ترکی کے فٹ بال کلب نے 18 کھلاڑی بیچ کردودھ دینے والی 10 بکریا ں خرید لیں

Ameen Akbar امین اکبر پیر 20 اگست 2018 16:54

رقم کمانے کے لیے ترکی کے فٹ بال کلب نے 18 کھلاڑی بیچ کردودھ دینے والی  10 بکریا ں خرید لیں

گلسپور ترکی کا ایک چھوٹا سا فٹ بال کلب ہے۔ اس فٹ بال کلب نے حال ہی میں   رقم کمانے کے لیے 18 کھلاڑی بیچ کر دودھ دینے والی 10 بکریاں خرید لیں۔ اس فیصلے کا مقصد دودھ اور گوشت کی فروخت سے کلب کے لیے  اضافی رقم حاصل کرنا ہے۔
کلب کے صدر کینان  نے ترکی کے میڈیا کو بتایا کہ یہ غیر معمولی فیصلہ فنڈز کی کمی کی وجہ سے کیا گیا۔ کینان کا کہنا تھا کہ چھوٹے فٹ بال کلبوں کے لیےنہ ہی حکومتی سرپرستی ہے اور نہ ہی کوئی سپانسرشپ ہوتی ہے۔

کینان نے بتایا کہ کلب کے 18 نوجوان کھلاڑی 15 ہزار  لیرا یا 2600 ڈالر میں فروخت کیے گئے جو 10 دودھ دینے والی بکریاں خریدنے کے لیے کافی ہیں۔ کینان کا کہنا ہے کہ  ڈیل کے بعد  دودھ  اور گوشت کی فروخت سے کلب کو 4 سے 5 ہزار لیرا سالانہ آمدن کی توقع  ہے۔

(جاری ہے)

کلب کا ارادہ ہے کہ اخراجات پورے کرنے کے لیے  اگلے چند سالوں میں  140بکریوں کا ریوڑ تیار کیا جائے ۔


کینان کا کہنا ہے کہ ہمیں مستقل  آمدن چاہیے۔ حکومت یا کارپوریٹ سیکٹر کلب کی مدد نہیں کرتے لیکن بکریوں کی مدد سے حاصل ہونے والی آمدن سے دوسرے نوجوان کھلاڑیوں کے اخراجات پورے ہو سکیں گے۔ کینان کا کہنا ہے کہ وہ نوجوان کھلاڑیوں  کے  اخراجات پورے کرنے کے لیے بکریوں کی  افزائش نسل کریں گے۔ کینان کا کہنا ہے کہ 6 سال بعد اُن کے کلب کے پاس 140 بکریاں ہونگی۔
کھلاڑی بیچ کر بکریاں خریدنے کا فیصلہ  بظاہر  کافی دلچسپ لگتا ہے لیکن دوسری طرف یہ افسوسناک بھی ہے ۔ افسوسناک اس وجہ سے کہ  گلسپور کلب 1954 میں قائم ہوا تھا اور اتنے پرانے کلب کو  اپنی بقا کے لیے بکریاں پالنی پڑ رہی ہیں۔ 

رقم کمانے کے لیے ترکی کے فٹ بال کلب نے 18 کھلاڑی بیچ کردودھ دینے والی ..

متعلقہ عنوان :

Browse Latest Weird News in Urdu