”ضرورت چور“۔ایک خاتون 50 پاؤنڈ فی گھنٹہ اجرت پر چوروں سے اپنی دوکان میں چوری کرانا چاہتی ہیں

Ameen Akbar امین اکبر جمعرات 6 دسمبر 2018 23:57

”ضرورت چور“۔ایک خاتون 50 پاؤنڈ  فی گھنٹہ اجرت پر چوروں سے اپنی دوکان میں چوری کرانا چاہتی ہیں

برطانیہ میں کپڑوں کے سٹور کی مالکن نے دوکان میں چوری روکنے کے لیے غیر روایتی طریقہ کار اختیار کیا ہے۔ یہ خاتون، جن کا نام ظاہر نہیں کیا گیا،  ماہر چوروں سے اپنی دوکان میں چوری کرانا چاہتی ہیں اور پھرمعلوم کرنا چاہتی ہے کہ چوروں نے یہ چوری کیسے کی، تاکہ  مستقبل میں ہونے والی چوریوں کو روکا جا سکے۔
سٹور کی مالکن نے چوروں کے لیے ملازمت کا اشتہار Bark.com پر دیا تھا، جہاں سے یہ وائرل ہوگیا۔

اشتہار میں چوروں کو 50 پاؤنڈ(64 ڈالر) فی گھنٹہ  پر کام کرنے کی پیش کش کی گئی ۔اس کے علاوہ چور دوکان سے چرائی گئی تین اشیاء بھی اپنے پاس رکھ سکتے  ہیں۔
ملازمت حاصل کرنے والے چوروں کو کئی ہفتوں کے دوران کئی مرتبہ سٹور میں آکر چوری کرنا ہوگی اور پھر اپنی رپورٹ میں چوری کی تفصیل اور طریقہ کار بتانا ہوگا۔

(جاری ہے)

یہ اشتہار چونکہ کافی عجیب تھا اس لیےسٹور کی مالکن نے ساتھ میں وضاحت بھی کی کہ وہ کئی سالوں سے چوری کی روک تھام کے لیے کام کر رہی ہیں لیکن اس میں فائدہ نہیں ہورہا۔

پانچ سالوں سے چھٹیوں کے سیزن میں بھی سٹور کو کافی نقصان ہوتا ہے۔
سٹور کی مالکن نے امید ظاہر کی کہ اس تجربے سے انہیں چوروں کے کام کے طریقہ کار کا پتا چلے گا اور وہ اپنی سیکورٹی کو بہتر بنا سکیں گی۔
اس ملازمت کے لیے سٹور کی مالکن کو جو امیدوار چاہیے اس کا مجرمانہ ریکارڈ نہیں ہونا چاہیے۔ اس کا ایک مطلب یہ بھی ہو سکتا ہے کہ انہیں ایسا چور چاہیے جو کبھی پکڑا نہ گیا ہو۔

Browse Latest Weird News in Urdu