سونے کے زیوارات کا دیوانہ شخص 13 کلوگرام سونا پہن کر ہی کہیں جاتا ہے

Ameen Akbar امین اکبر پیر 10 دسمبر 2018 23:30

سونے کے زیوارات کا دیوانہ شخص 13 کلوگرام سونا پہن کر ہی کہیں جاتا ہے

ایک ویتنامی کاروباری شخص  کو ایشیائی سوشل میڈیا پر کافی توجہ مل رہی ہے۔ یہ شخص سونے کے زیوارات کا دیوانہ ہے۔ 36 سالہ ٹران نجوک پھوک کہیں بھی جاتے ہوئے 13 کلوگرام وزنی سونے کے زیوارات پہنتے ہیں۔ اس سونے کی حفاظت کرنے کے لیے ان کے ساتھ 5 محافظ بھی ہوتے ہیں۔
پچھلے ہفتے ٹران کی  بھاری سونا پہنے ہوئے کی ویڈیو یوٹیوب پر سامنے آئی تو وہ ایک دم ہی سوشل میڈیا پر مقبول ہو گئے۔

ان کی ویڈیو کو  لاکھوں  بار دیکھا جا چکا ہے۔تصویروں اور ویڈیومیں ٹران کو بھاری نیکلس، بریسلٹ اور بھاری انگوٹھیاں پہنے دکھایا گیا ہے۔
ان تصاویر کے سامنے آنے کے بعد بہت سے افراد نے ان زیوارات کے اصل ہونے پر شک کا اظہار کیا ہے۔ لوگ حیران ہیں کہ اتنے بھاری زیورات کے ساتھ کوئی کیسے کھڑا رہ سکتا ہے۔

(جاری ہے)

ٹران نے دعویٰ کیا کہ اس کا عادی ہونے میں انہیں کچھ وقت لگا۔

انہوں نے بتایا کہ یہ سونا ان کے لیے اچھی قسمت اور خوشحالی لے کر آیا ہے۔
ٹران نے رپورٹروں کو بتایا کہ ان کے زیورات میں پانچ کلوگرام   کا نیکلس،  دونوں ہاتھوں میں  پانچ کلو گرام کے بریسلٹ، 500 گرام کی چار انگوٹھیاں اور سونے کا کمر بند ہے۔ان کا کہنا ہے کہ ان کے اس سونے کی  مجموعی مالیت 13 ارب ویتنامی ڈونگ یا 5 لاکھ 50 ہزار ڈالر ہے۔
ٹران نے بتایا کہ پانچ سال پہلے چینی علم رمل کے ماہر نے انہیں خوشحالی اور خوش قسمتی میں اضافے کے لیے سونا پہننے کا مشورہ دیا تھا۔

اس کے بعد انہوں نے بھاری زیورات بنوانے شروع کر دئیے۔ پہلے انہوں نے سونے کا بھاری نیکلس بنوایا اور پھر مزید خوشحالی کے لیے مزید زیورات بنوائے۔
اب اُن کا ارادہ ہے کہ اپنے لیے سونے کا خصوصی ہیٹ اور سونے کی ہی خصوصی شرٹ بنوائیں۔
ٹران کا کہنا ہے کہ شروع میں 13 کلوگرام سونے کے ساتھ چلنا آسان نہیں تھا لیکن بتدریج انہیں اس کی عادت ہوگئی۔
ٹران کا تعلق ایک غریب خاندان سے تھا۔ انہوں نے 20 سال کی عمر میں تیل کا کام شروع کیا۔ ابتدا میں انہوں نےایک بیرل تیل خریدا تھا لیکن جلد ہی اُن کا کام چل پڑا، تیل کی قیمت راتوں رات بڑھنے سے ان کی دولت میں بھی اضافہ ہوتا رہا۔ اب وہ ایک بڑے کاروبار کے مالک ہیں۔

سونے کے زیوارات کا دیوانہ شخص 13 کلوگرام سونا پہن کر ہی کہیں جاتا ہے

Browse Latest Weird News in Urdu