ایران: تیل مہنگا ہونے پر گدھوں کے استعمال میں اضافہ ہونے لگا،

ایران میں بہت سارے دیہاتیوں،کسانوں نے سردیوں کے آمد پر مہنگے تیل کے سبب مال برداری کے لیے گدھے خریدنے شروع کر دئیے

ہفتہ 15 نومبر 2014 21:32

ایران: تیل مہنگا ہونے پر گدھوں کے استعمال میں اضافہ ہونے لگا،

تہران(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 15نومبر 2014ء) ایران میں پیٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کی وجہ سے گدھوں کی آبادی کو فائدہ پہنچنے لگا،کسانوں نے مال برداری کے لئے گدھوں کا استعمال شروع کردیا۔ایران کی نیوز ویب سائٹ خرداد کے مطابق ایران میں بہت سارے دیہاتیوں اور کسانوں نے سردیوں کے آمد پر مہنگے تیل کے سبب مال برداری کے لیے گدھے خریدنے شروع کر دئیے ہیں۔

ویب سائٹس کے مطابق پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت کی وجہ سے ایرانی کے دیہاتوں میں ایک بار پھر گدھوں کے استعمال کا رحجان بڑھ رہا ہے۔خاص طور پر ملک کے شمالی مشرقی پہاڑی علاقے میں گدھوں کے استعمال میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے تاہم اس کے ساتھ بعض شہروں میں بھی یہ رجحان دیکھنے کو ملا ہے۔ویب سائٹس کے مطابق جانوروں کے لیے یہ اچھی خبر ہے کیونکہ سردیوں سے پہلے ان کا استعمال بالکل بند کر دیا جاتا تھا اور اس کی ایک وجہ سردیوں میں ان کا مہنگا چارہ تھا۔

(جاری ہے)

سردیوں سے پہلے بعض دیہاتی اپنے گدھوں کو جنگلوں میں کھلا چھوڑ دیتے تھے جہاں ان میں سے کئی سردی کی وجہ سے مر جاتے تھے۔رواں سال اپریل میں ایرانی حکومت نے مشکلات سے دوچار معیشت کو سہارا دینے کے لیے تیل پر دی جانے والی رعایت کم کر دی تھی۔اس اقدام کے نتیجے پر صارفین بری طرح متاثر ہوئے تھے کیونکہ اس سے تیل کی قیمتوں میں 75 فیصد تک اضافہ ہو گیا تھا۔اس کے علاوہ رواں سال ایرانی شہریوں کو پانی اور بجلی کے بلوں میں اضافے پر بھی مشکلات کا سامنا ہے۔امریکہ سمیت کئی مغربی ممالک نے ایران کے جوہری پروگرام کی وجہ سے اس پر اقتصادی پابندیاں عائد کر رکھی ہیں جس کی وجہ سے اس کی تیل کی برآمدات کافی متاثر ہوئی ہیں اور ایرانی کرنسی کی قدر میں کمی دیکھنے میں آئی۔

متعلقہ عنوان :

Browse Latest Weird News in Urdu