اپنی بیٹیوں کی غلطی پر کسی ماں نے ایسا قدم نہ اٹھایا ہوگا

Fahad Shabbir فہد شبیر منگل 31 مارچ 2015 20:34

اپنی بیٹیوں کی غلطی پر کسی ماں نے ایسا قدم نہ اٹھایا ہوگا

برمنگھم(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔31مارچ۔2015ء)فلم دیکھنے والی ایک خاتون کے لیے سوشل میڈیا پر ایک ماں کی جانب سے معافی نامہ پوسٹ ہوا ہے۔ ماں کا کہنا ہے کہ وہ اپنے بچوں کی بدتہذیبی اور بے ہودگی پر شدید شرمندہ ہے۔ یہ معافی نامہ پڑھ کر فلم دیکھنے والی خاتون کی آنکھوں میں آنسو آگئے۔اس نے لکھا کہ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ دنیا میں ابھی اچھے لوگ باقی ہے۔

برمنگھم ، الاباما سے تعلق رکھنے والی کیشا سمتھ ووڈ اپنے بیٹے، بیٹی اور سوتیلی بیٹی کو فلم دیکھنے کے لیے سینما چھوڑ گئی۔ لڑکیوں کی عمر 13 سال ہے جبکہ لڑکا ان سے بڑا ہے۔ لڑکے نے بعد میں اپنی ماں کو بتایا کہ دوران فلم دونوں لڑکیوں نے فلم دیکھنے والی ایک عورت کے ساتھ بد تمیزی کی، عورت نے لڑکیوں کو چپ رہنے کا کہا تو انہوں نے اس کی مزید بے عزتی کی۔

(جاری ہے)

فلم کے بعد عورت نے لڑکیوں کے پاس آ کر کہا کہ میرے شوہر کی نوکری ختم ہو گئی ہے، میں کسی نے کسی طرح اپنی بیٹی کے ساتھ یہ فلم دیکھنے کا بندوبست کر پائی تھی جسے تم نے خراب کردیا۔ لڑکیوں کی ماں نے فیس بک پوسٹ میں اس عورت کو خود سے رابطہ کرنے کو کہا۔ ماں نے اس عورت کو یہ بھی کہا کہ بچوں کی بدتمیزی اور غلط رویہ ناقابل برداشت ہے، بچوں کو تم سے معافی مانگنی پڑے گی۔

جب شیرف آفس کے سارجنٹ جیک سیلف نے اس پوسٹ کو دیکھا تو اسے جیفرسن کاؤنٹی شیرف کے پیج پر شئیر کر دیا۔ اس پر اس پوسٹ کو 2 لاکھ 45 ہزار لائکس ملے۔ شیرف آفس نے یہ بھی لکھاکہ ان بچوں کے والدین بہت عظیم والدین ہیں۔ فلم دیکھنے والی عورت نے یہ پوسٹ پڑھی تو معلوم ہوا کہ وہ ربیکا بوائیڈ ہے جس کا تعلق اڈگر، الاباما سے ہے۔ اس نے شیرف آفس کی پوسٹ کے کمنٹ میں لکھا کہ میں وہ ماں ہوں جو سینما میں تھی۔

میں اپنی بیٹی کے ساتھ سینڈریلا دیکھنے گئی تھی مگر لڑکیوں کی بدتمیزی سے بہت اپ سیٹ ہوئی۔ اب ان لڑکیوں کی ماں کا نوٹ دیکھ کر میری آنکھوں میں آنسو آ گئے ہیں ، اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ دنیا میں اچھے لوگ باقی ہیں۔اب میرے دل میں ان کے لیے کوئی سخت جذبات نہیں بلکہ اُن کے والدین پر فخر ہے، لڑکیاں بالکل بھی بری نہیں بس تھوڑی بچی ہیں۔ اس کے بعد رنیکا نے لڑکیوں کی ماں سے بھی رابطہ کیا۔ لڑکیوں کی ماں کیشا نے کہا کہ اس کی بیٹیاں بھی ربیکا سے لکھ کر معافی مانگیں گے، نہ صرف معافی مانگیں گی بلکہ اگلی دفعہ اپنے خرچ پر ربیکا اور اس کی بیٹی کو فلم دکھائیں گی۔ اس تمام کہانی کا ایک اچھا پہلو یہ بھی ہے کہ جب یہ سٹوری وائرل ہوئی تو ربیکا فیملی کو کئی نوکریوں پیشکش ہوئی ہے۔

Browse Latest Weird News in Urdu