برطانوی بوڑھے کے مرتے ہی ترکی سے تعلق رکھنے والی ملازمہ کی زندگی بدل گئی

Fahad Shabbir فہد شبیر اتوار 12 اپریل 2015 14:35

برطانوی بوڑھے کے مرتے ہی ترکی سے تعلق رکھنے والی ملازمہ کی زندگی بدل گئی

سرے(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔12اپریل۔2015ء) سرے سے تعلق رکھنے والے سابقہ سول سرونٹ کا خاندان اس کی ترکی سے تعلق رکھنے والی ملازمہ سے شدید ناراض ہے۔87 سالہ بوڑھے نے مرنے سے پہلے اپنی ساری جائیداد ملازمہ کے نام کر دی۔ ڈینس سیئرز نے اپنی وصیت میں تبدیلی کر کے 6 لاکھ 15 ہزار پاؤنڈ کا دریا کے کنارے فلیٹ اور 4 لاکھ مالیت کے شیئرز اپنی ملازمہ نرمین کانسیفر کے نام کر دئیے۔

ڈینس نے وصیت میں تبدیلی کر کے 20 سال پہلے نامزد کیے گئے رشتے داروں کو جائیداد سے بے دخل کر دیا۔ ڈینس کے خاندان والوں نے نرمین پر الزام لگایا ہے کہ اس نے بے اولاد بوڑھے کو مجبور کر کے وصیت میں تبدیلی کرائی ہے، جبکہ 50 سالہ نرمین، جو ایک بچے کی ماں بھی ہے، نے کہا ہے کہ ڈینس نے اپنے خاندان کے رویے کے باعث انہیں جائیداد میں حصہ نہیں دیا۔

(جاری ہے)

ڈینس کے رشتے داروں نے وصیت میں تبدیلی کے خلاف عدالت میں مقدمے کا فیصلہ کیاتھا مگر جب انہیں یہ بتایا گیا کہ اس مقدمے کے اخراجات ایک لاکھ پاؤنڈسے بڑھ سکتے ہیں تو وہ نرمین سے 50 ہزار پاؤنڈ لینے پر رضامند ہوگئے ہیں۔ڈینس کے بھانجے نے بتایا کہ جب نرمین کو ملازمت پر رکھا گیا تو چند دنوں بعد ہی وہ ڈینس کو ڈیڈی بلانے لگی، اسی وقت سب رشتے داروں کےکان کھڑے ہو گئے تھے۔

ڈینس نے ایک وصیت کی تھی جس میں تمام رقم فلاحی کاموں میں خرچ کرنے اور کچھ رقم نرمین کو دینے کا کہا گیا تھا مگر مرنے سے اس نے اپنی وصیت تبدیل کی اور سب کچھ نرمین کے نام کر دیا۔ بھانجے نے یہ بھی الزام لگایا کہ نرمین نے ڈینس کے کانوں میں یہ بات ڈال دی کہ اس کے رشتے دار اسے اولڈ ہوم میں ڈالنے کی سازش کر رہے ہیں، اس پر ڈینس نے پولیس کے ذریعے اپنے رشتے داروں کو خود سے دور رہنے کا پیغام دیا۔

نرمین نے کہا کہ اگر میرا بیٹا میرا خیال نہیں کرے گا تو میں بھی اس کے ساتھ وہی سلوک کروں گی جو ڈینس نے اپنے رشتے داروں کے ساتھ کیا ہے۔ سرے پولیس کے فراڈ کی تحقیقات کرنے والے افسر نے تحقیقات کے بعد اس معاملے میں کچھ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پولیس کے مطابق جس وقت ڈینس نے وصیت تبدیل کی اس وقت اس کے ہوش و حواس اچھی طرح قائم تھے۔

متعلقہ عنوان :

Browse Latest Weird News in Urdu