جاپانی ٹرین نے 600 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے سفر کر کے نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا

منگل 21 اپریل 2015 16:18

جاپانی ٹرین نے 600 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے سفر کر کے نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا

ٹوکیو(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 21اپریل۔2015ء)جاپان میں ایک ٹرین نے اپنے آزمائشی سفر کے دوران 600 کلومیٹر زیادہ کی رفتار سے سفر کر کے نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا ۔عالمی میڈیا کے مطابق جاپانی ریلوے حکام کاکہنا ہے کہ یہ ریکارڈ سات بوگیوں پر مشتمل ’میگلیو‘ ٹرین نے ماوٴنٹ فیوجی کے نزدیک اس وقت بنایا جب اس نے 603 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار حاصل کی۔

حکام کا کہنا ہے کہ ٹرین تقریباً 11 سیکنڈ تک 600 کلومیٹر سے زیادہ کی رفتار سے سفر کرتی رہی۔اس سے قبل ٹرین کی تیز ترین رفتار کا ریکارڈ ایسی ہی ایک ٹرین کا تھا جس نے گذشتہ ہفتے ہی 590 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے سفر کر کے 2003 میں قائم کیا گیا ریکارڈ توڑا تھا۔’میگلیو‘ دراصل میگنیٹک لیویٹیشن کا مخفف ہے اور یہ ٹرین برقی چارج شدہ مقناطیسوں کی قوت کی مدد سے پٹڑی سے چار انچ اوپر معلق ہو کر سفر کرتی ہے۔

(جاری ہے)

جاپانی ریلوے کے حکام 2027 تک اس ٹرین کو عام استعمال کے لیے پیش کرنا چاہتے ہیں اور اس سلسلے میں پہلی ٹرین ٹوکیو اور ناگویا کے درمیان چلائی جائے گی۔’میگلیو‘ ٹرین کے لیے مقررہ حدِ رفتار 500 کلومیٹر رکھی جائے گی اور یہ ان دونوں شہروں کے درمیان 286 کلومیٹر کا فاصلہ 40 منٹ میں طے کرے گی۔اس وقت جاپان میں تیز ترین بلٹ ٹرین یہ فاصلہ ڈیڑھ گھنٹے کے قریب وقت میں طے کرتی ہے۔’میگلیو‘ ٹرین کے منصوبے پر جاپانی حکومت خطیر رقم خرچ کر رہی ہے اور صرف ٹوکیو اور ناگویا کے درمیان یہ ٹرین چلانے کے منصوبے پر 100 ارب ڈالر کے قریب اخراجات آئیں گے۔

Browse Latest Weird News in Urdu