کالے جادو کے افریقی جادوگروں کے ظلم کی انتہاء، حکومتوں کے انتہائی اقدامات

muhammad ali محمد علی جمعرات 7 مئی 2015 20:11

کالے جادو کے افریقی جادوگروں کے ظلم کی انتہاء، حکومتوں کے انتہائی اقدامات
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 7 مئی 2015 ء) سحر وجادو خاص کر کالے جادو کی بنیاد ظلم اور غلاظت پر رکھی گئی ہے۔ شیطان کے پیروکارجادوگر جادو کے لیے وہ عمل کرتے ہیں کہ انسانیت شرما جائے۔ ایسا ہی آج کل براعظم افریقا میں ہو رہاہے۔ مَھَق (Albinism) ایسی بیماری ہے جس میں جلد ، آنکھ اور بالوں میں رنگدار مادے میلانن کی کمی ہو جاتی ہے۔ یہ ایک موروثی مرض ہے۔

اس بیماری کے مریضوں کو البینو بھی کہا جاتا ہے۔ ایسے افراد میں سے اکثر دھوپ میں نہیں نکل سکتے، دن میں انہیں کافی کم نظر آتا ہے۔ البینو رات کے وقت کافی متحرک ہو جاتے ہیں، البینو بچے رات کے وقت ہی کھیلنا کودنا پسند کرتے ہیں۔پاکستان میں بھی اس مرض کے کافی مریض ہے۔ عام طور پر 20 ہزار افراد میں سے 1 البینو ہوتا ہے تاہم افریقا میں صحرائے صحارا کے ساتھ کے ممالک ، تنزانیہ وغیرہ میں یہ شرح 1400 میں سے 1 ہے۔

(جاری ہے)

افریقا کے تقریباً تمام ہی ممالک میں ان البینو افراد کو پولیس اور فوج کی حفاظت میں دے دیا گیا ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ افریقا کے جادوگروں نے البینو افراد کے جسم کے اعضاء حاصل کرنے کے لیے شکاریوں کی خدمات حاصل کر لیں ہیں۔ شکاری جانوروں کی طرح البینو بچوں اور بڑوں کا شکار کرتے ہیں۔ مشرقی افریقا کی بلیک مارکیٹ میں البینو افراد کے اعضا انتہائی مہنگے داموں فروخت ہوتے ہیں۔

ایسے جادوگروں اور شکاریوں کے خلاف وہاں کی حکومت نےانتہائی اقدامات اٹھا لیے ہیں۔ ملاوی پولیس کو حکومت کی طرف ہدایات جاری کر دی گئی ہیں کہ البینو کو قتل کرنے والے جادوگروں اور شکاریوں کو دیکھتے ہیں گولی مار دے۔تنزانیہ کے وزیر اعظم نے عوام سے ایپل کی ہوئی ہے کہ اگر وہ کسی بھی شخص کے پاس کسی البینو کا کوئی عضو دیکھیں تو اسے قتل کر دیں۔

برونڈی کی حکومت نے ملک کے تمام البینو افراد کوجمع کر کے خصوصی رہائش گاہوں میں رکھا ہوا ہے۔ ان رہائش گاہوں کی حفاظت کی ذمہ داری فوج کے سپرد ہے۔ حکومتوں کے یہ اقدامات اقوام متحدہ کی اس رپورٹ کے بعد سامنے آئے جس میں کہا گیا تھا کہ مشرقی افریقا میں پچھلے 6 ماہ کے دوران 15 کے قریب البینو افراد جن میں اکثریت بچوں کی تھی ، کو قتل، زخمی یا اغوا کیا گیاہے۔

افریقا کے جادوگر محبت، خوش قسمتی اور دولت کے حصول کے جادو میں البینو افراد کے اعضا استعمال کرتے ہیں۔ البینو افراد کے حقوق کے لیے کام کرنے والے گروپ کا کہنا ہے کہ البینو افراد کے اعضا کی قیمت اتنی ہوتی ہے کہ جادوگر اور شکاری انہیں قتل کرنے کے لیے اپنی جان کی بازی لگائے ہوئے ہیں، انہوں نے اس مسئلے کا کوئی مستقل حل نکالنے پر زور دیا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ اب تک جو لوگ رنگے ہاتھوں پکڑے گئے ہیں وہ چھوٹی مچھلیاں ہیں اس گندے کام میں ملوث بڑے مگرمچھ ابھی بھی باہر گھوم رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ موقع پر شکاری کو قتل کرنے سے اُن کو ہائر کرنے والے بڑے مجرم بچ جاتے ہیں۔ ریڈکراس کی رپورٹ کے مطابق جادوگر کسی بھی البینو کے تمام اعضا کے سیٹ کے لیے 75000 ڈالر ادا کرتے ہیں۔ حالیہ سالوں مشرقی افریقا کے کئی ممالک میں الیکشن کے دوران البینو افراد پر حملے میں تیزی آگئی۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ سیاست دان بھی خوش قسمتی کے لیےجادوگروں کی خدمات حاصل کر ہے ہیں۔

Browse Latest Weird News in Urdu