روسی لڑکیوں کے گنجا ہونے کی قیمت

Faizan Hashmi فیضان ہاشمی جمعہ 8 مئی 2015 13:05

روسی لڑکیوں کے گنجا ہونے کی قیمت

روسی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔8مئی2015ء) امریکا اور یورپ میں اصلی بالوں کی وگ اور ایکسٹینشن کا رواج تیزی سے مقبول ہو رہا ہے۔ یہ اشیاء بنانے کےلیے روسی لڑکیوں کے بال ساری دنیا میں سب سے بہتر سمجھے جاتے ہیں۔ بالوں کی وہ وگ یا ایکسٹینشن جو یورپ میں 300 سے 1200 پاؤنڈ میں فروخت ہوتی ہے اس میں لگائے گئے بالوں کے لیے روسی لڑکیوں کو صرف 20 پاؤنڈ ادا کیے جاتے ہیں۔

روس میں موجود بالوں کے ڈیلر سارے روس میں گھوم پھر کر روسی لڑکیوں کے بغیر رنگ کیے ہوئے بال(Virgin Hair) حاصل کرتے ہیں۔ ان ڈیلروں کا کہنا ہے کہ بہت سی لڑکیاں تو بال کٹواتے ہوئے پھوٹ پھوٹ کر روتی ہیں، کئی ڈیلر آنسو پونچھنے کے لیے اپنے سامان کے ساتھ ٹشو کے ڈبے بھی ساتھ رکھتے ہیں۔روسی خواتین سے بال حاصل کر کے انہیں ازبکستان اور یوکرین میں موجود فیکٹریوں میں پراسس کرتے ہوئے وگ اور ایکسٹینشن کی شکل دی جاتی ہے، جس کے بعد انہیں برطانیہ اور امریکا میں فروخت کے لیے پیش کر دیا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

امریکا اور برطانیہ میں ایسے بالوں کی گاہک فیشن ایبل ماڈلز اور اداکارائیں ہوتی ہیں۔ اس حوالے سے اعداد و شمار بھی دلچسپی سے خالی نہیں۔ 2013 میں برطانیہ میں 42.8 ملین پاؤنڈ کے انسانی بال درآمد کیے گئے۔ ان بالوں کی لمبائی 80 ملین میل تھی۔ یہ اتنی لمبائی ہے کہ زمین کے گرد 3200 بار لپیٹے جا سکتے ہیں۔امریکا کے اعداد و شمار اس سے بھی زیادہ تھے۔

بالوں کی مارکیٹ میں روسی بالوں کو برازیل، بھارت اور چین کے بالوں سے بھی بہتر سمجھا جاتاہے۔ان ممالک میں بھی انسانی بالوں کی صنعت تیزی سے فروغ پا رہی ہے۔ روس میں بالوں کی صنعت اتنی پھیل گئی ہے کہ صرف ایک ڈیلر نے بتایا کہ اس کی فرم میں 350 لوگ کام کرتے ہیں جو طلب کو پورا کرنے کے چکر میں ہی رہتے ہیں۔بالوں کی طلب اتنی زیادہ ہے کہ ہسپتالوں کے مردہ خانوں میں کام کرنے والے لوگ مردوں کے بال بھی کاٹ کر فروخت کردیتے ہیں۔جیل کے قیدیوں سے بھی بال کم ریٹ پر بعض دفعہ مفت ہی مل جاتے ہیں۔

Browse Latest Weird News in Urdu