بدعنوانی سےخبردار کرنے کےلیے جیلوں کا دورہ

Fahad Shabbir فہد شبیر پیر 25 مئی 2015 22:47

بدعنوانی سےخبردار کرنے کےلیے جیلوں کا دورہ

بیجنگ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔25مئی۔2015ء)چین کے ایک مشرقی شہر میں حکام نے مقامی حکام کو بدعنوانی کے لالچ سے خبردار کرنے کے لیے جیل کے دورے بھیجا ہے۔ 70 اہلکاروں اور ان کی بیویوں نے 15 مئی کو ہوبائے صوبے کے شہر شیان میں جیل کا دورہ کیا۔ صدر شی جن پنگ کے سنہ 2012 میں اقتدار میں آنے کے بعد چین نے بدعنوانی کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کیا تھا۔ تب سے ہزاروں اہلکاروں سے تفتیش کی گئی ہے اور کئی کو رشوت اور طاقت کے غلط استعمال کے الزام میں سزائے قید دی گئی ہے۔

جیل کے دورے کی خبر سب سے پہلے ملک کے انسدادِ بدعنوانی کے ادارے سی سی ڈی آئی نے اپنے ہفتے کو شائع ہونے والے نیوز لیٹر میں دی۔ نیوز لیٹر کے مطابق اس اقدام کا مقصد ملازمین کو ’خطرے کی اطلاع دینا ہے تاکہ وہ جیل کی دیواروں کے پیچھے زندگی گزارنے کے تجربے سے واقف ہو سکیں۔

(جاری ہے)

‘ نیوز لیٹر میں شائع ہونے والی تصویروں میں دکھایا گیا ہے سرکاری اہلکار اور ان کی بیویاں جیل کا دورہ کرتی ہیں جہاں انھیں موقع ملتا ہے کہ وہ سابق بیوروکریٹوں کی حالت دیکھ سکیں، جن میں سے کئی ان کے سابق ساتھی تھے اور جنھیں طاقت کے غلط استعمال کے الزام پر سزا ملی۔

اس کے علاوہ جیل میں ان کو ایک نمائش بھی دیکھنے کو ملی جس میں جیل میں قید اہلکاروں کی تصاویر اور ان کے لکھے ہوئے ذاتی حالاتِ زندگی کی نمائش گی گئی تھی۔ سی سی ڈی آئی کی رپورٹ کے مطابق دورے پر لوگوں نے جب نمائش میں اپنے کئی ’پرانے رہنماؤں، ساتھیوں اور دوستوں‘ کو پہچانا تو انھوں نے ’آہ بھری۔‘ ان کو ایک آڈیٹوریم میں بھی بھیجا گیا جہاں انھوں نے بدعنوانی کے الزام پر سزا یافتہ قیدیوں کی گواہی سنی۔

چین ایک عرصے سے بدعنوانی کے خلاف سخت مہم چلا رہا ہے۔ حکام سرکاری اہلکاروں پر زور دیتے ہیں کہ وہ زیادہ کفایت شعاری پر مبنی طرز زندگی اپنائیں اور مہنگے تحفوں اور پرتعیش ضیافتوں سے پرہیز کریں۔ تاہم ناقدین کا کہنا ہے کہ بدعنوانی کے خاتمے کے لیے سیاسی نظام کے ڈھانچے میں اصلاحات کی ضرورت ہے۔

Browse Latest Weird News in Urdu