کوئی ایسے دانت لگانے کی کوشش نہ کرے ورنہ انجام۔۔۔۔۔

Faizan Hashmi فیضان ہاشمی منگل 2 جون 2015 12:26

کوئی ایسے دانت لگانے کی کوشش نہ کرے ورنہ انجام۔۔۔۔۔
ایک عورت دانتوں کے ڈاکٹر کے پاس جانے سے انتہائی خوفزدہ تھی، اس لیے جب بھی اس کا دانت نیچے گرتا وہ سپر گلیو سے اسے دوبارہ منہ میں فٹ کر لیتی، جس کی وجہ سے وہ موت کے منہ میں جاتے جاتے بچ گئی۔ تفصیلات کے مطابق 48 سالہ اینگی بارلو دانتوں کے ڈاکٹر کے پاس جانے سے بہت خوفزدہ تھی۔ اس کی وجہ یہ تھی کہ اس کی ماں کا دانت نکالا گیا تو وہ گلے کے کینسر میں مبتلا ہوگئی۔

دس سال پہلے بارلو کا دانت گرا تو اس نے بجائے دانتوں کے ڈاکٹر سے رابطہ کرنے کے سپر گلیو خریدا اور اسے دانت کے پیچھے لگا کر دانت کو واپس اس کی جگہ پر فٹ کر دیا۔ کچھ عرصے بعد جب دانت دوبارہ نیچے گرتا تو وہ پھر گلیو سے دانت واپس لگا لیتی۔ گلیو کے کیمیکل نے اپنا اثر دکھایا اور اس کے جبڑوں کی ہڈی 90 فیصد کمزور ہوگئی۔

(جاری ہے)

اب جب حالت بہت خراب ہو گئی تو ڈاکٹروں سے رابطہ کیا۔

ڈاکٹروں نے اس کی زندگی بچانے کے لیے اس کے کئی دانت نکال کر ٹائٹینئم کی پن لگا کر باقی دانتوں کو جمایا اور اس کی مسکراہٹ اسے لوٹائی۔ الٹرینچام، گریٹر مانچسٹر سے تعلق رکھنے والی بارلو کا کہنا ہے کہ میں دانت کے پیچھے گلیو لگاتی، اس کے بعد اسے واپس جبڑے میں لگا کر اس وقت تک دبائے رکھتی جب تک دانت جم نہ جاتا۔ بارلو کی تمباکو نوشی کی عادت سے اس کے دانت خراب ہوگئے تھے جو اکثر باہر آ گرتے، جنہیں وہ اپنا مخصوص ”ٹوٹکا“ آزما کر واپس لگاتی رہی۔ اس کا علاج کرنے والے ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ انہوں نے اپنی زندگی میں کسی کو گلیو سے اپنا دانت جوڑتے نہیں دیکھا۔

Browse Latest Weird News in Urdu