طلباء کے سمارٹ فونز سے پنگا استاد کو مہنگا پڑ گیا

Fahad Shabbir فہد شبیر اتوار 7 جون 2015 13:33

طلباء کے سمارٹ فونز سے پنگا استاد کو مہنگا پڑ گیا

فلوریڈا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔7جون۔2015ء)فلوریڈاکے سکول ٹیچر،ڈین لپٹک،نے چاہا کہ دوران لیکچر اس کے طلباء اسی کی طرف متوجہ رہیں۔ اس کے لیے اس نے سمارٹ فون سگنل جیمر خریدا اور دوران لیکچر استعمال کرنے لگا۔ مگر ڈین کا یہ اقدام غیر قانونی بن گیا اور اسے پانچ دن کے لیے بغیر تنخواہ کے معطل کر دیا گیا۔ پاسکو کاؤنٹی کے فیوے ہائی سکول کے ٹیچر کو گرفتاری کے ساتھ 1 لاکھ 12 ہزار ڈالر کا جرمانہ ہو سکتاہے مگر ویریزن (سیلولر کمپنی)نے اس کےخلاف مزید اقدامات نہیں کیے۔

جب ڈین نے سگنل جیمر چلانا شروع کیا تو اس سے صرف کلاس کے طلباء کے سگنل ہی متاثر نہیں ہوئے بلکہ اس سکول کی چھت پر لگے ٹاور کے سگنل بلاک ہوگئے۔ اس سے پورے علاقے میں موبائل سروس ختم ہو گئی۔ کمپنی نے اپنے نیٹ ورک میں خلا دیکھا تو فوراً اپنی ٹیم کو بھیجا۔

(جاری ہے)

ٹیم نے آ کر دیکھا تو پتہ چلا کہ یہ سب ڈین کے جیمر کی وجہ سے ہوا ہے۔ ڈین کا کہنا ہے کہ وہ تو سمجھا تھا اس سے صرف کلاس کے سگنل بلاک ہونگے۔

سکول کی ترجمان نے کہا کہ یہ جیمر حفاظتی اقدامات میں رکاؤٹ ثابت ہوسکتا ہے۔ سکول میں پیش آئی کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں کوئی 911 کو کال بھی نہیں کر سکے گا۔ امریکن ایف سی سی نے اس طرح کے آلات کے استعمال کو غیر قانونی قرار دیا ہوا ہے، چاہے استعمال کرنے والا کتنی ہی اچھی نیت کے ساتھ استعمال کرے۔ ایف سی سی کا کہنا ہے کہ اس طرح کے جیمر سے ایمرجنسی میں فون کال نہیں ہوسکتی۔

Browse Latest Weird News in Urdu