برطانیہ کی عمررسیدہ ترین خاتون ڈرائیونگ انسٹرکٹر

Fahad Shabbir فہد شبیر بدھ 22 جولائی 2015 20:41

برطانیہ کی عمررسیدہ ترین خاتون ڈرائیونگ انسٹرکٹر

لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔22جولائی۔2015ء)برطانیہ کی عمر رسیدہ ترین خاتون ڈرائیونگ انسٹرکٹر نے اپنی زندگی کے 95 سال پورے کرلیے۔ لورا تھامپسن نے اب تک ایک ہزار سے زیادہ لوگوں کو ڈرائیونگ سکھائی ہے۔ اسے ڈرائیونگ سکھاتے ہوئے 76 سال ہو چکے ہیں۔ لورا نے ڈرائیونگ کاآغاز 1938 میں اس وقت کیا جب اس کے بھائی نے اسے کرسمس پر گاڑی خرید کر دی۔

لورا نے دو ماہ میں اپنا ڈرائیونگ ٹسٹ پاس کیا اس کے بعد وہ اپنے دوستوں کو ڈرائیونگ سکھانے لگی۔

(جاری ہے)

ڈرائیونگ سکھانے میں دوبچوں کی ماں لورا کی شہرت سینہ بہ سینہ اس کے علاقے میں پھیلنے لگی اور اس کے پاس سیکھنے والوں کا تانتا بندھ گیا۔ لورا اس وقت پڑدادی ہے۔ اس نے کبھی بھی اپنی ایڈورٹائزنگ نہیں کی۔اس کے باوجود تقریباً آٹھ دہائیوں سے لوگوں کو ڈرائیونگ سکھا رہی ہے، اتنے عرصے میں لورا کی گاڑی کا ایک بھی ایکسیڈنٹ نہیں ہوا۔

پام بروک ڈوک، ویسٹ ویلز سے تعلق رکھنے والی لورا کا کہنا ہے کہ اس نے اپنے علاقے کے ہر شخص کو ڈرائیونگ سکھائی ہے۔اس کے شاگردوں کو دو سے زیادہ ٹسٹ کی ضرورت نہیں پڑتی۔ لورا کی خواہش ہے کہ وہ 100 سال کی ہو کر بھی ڈرائیونگ کرے۔وہ برطانیہ کے سو سال سے زیادہ عمر میں ڈرائیونگ کرنے والے لوگوں میں شمار ہونا چاہتی ہے۔

Browse Latest Weird News in Urdu