بچھڑی ہوئی ماں بیٹی 71 سال بعد مل گئیں

Faizan Hashmi فیضان ہاشمی جمعرات 13 اگست 2015 11:45

بچھڑی ہوئی ماں بیٹی 71 سال بعد مل گئیں

نوولارا (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13اگست2015ء) اطالوی میڈیا کے مطابق ایک 92 سالہ اطالوی خاتون اپنی بچھڑی بیٹی سے مل گئی۔ اس کی بیٹی 71 سال پہلے ، پیدائش کے وقت، اس کے شوہر نے اس سے لے لی تھی۔ بوڑھی عورت کا تعلق نوولارا سے ہے، جو شمالی اٹلی کا چھوٹا سا قصبہ ہے۔ دوسری جنگ عظیم کے دوران بوڑھی عورت جرمنی میں کام کرتی تھی۔ عظیم کے دوران ہی اس نے ایک جرمن سے شادی کر لی۔

شادی کے بعد اُن کی ایک بیٹی پیدا ہوئی، جس کا نام مارگوٹ بیچ مان رکھا گیا۔ مارگوٹ کو اس کے باپ کے خاندان نے اپنے پاس رکھ لیا اور اسے بتایا کہ اس کی ماں اطالوی تھی جو جنگ میں مر گئی۔پچھلے سال جب مارگوٹ 71 سال کی ہوئی تو اس کا باپ مرگیا۔ اس کے بعد مارگوٹ نے انٹرنیشنل ٹریسنگ سروس کے ذریعے اپنی ماں کا پتہ لگانے کا سوچا۔

(جاری ہے)

انٹرنیشنل ٹریسنگ سنٹر میں دوسری جنگ عظیم سے متعلق تمام کاغذات موجود ہیں۔

اطالوی ریڈ کراس کی مدد سے انٹرنیشنل ٹریسنگ سروس نے مارگوٹ کی ماں کو ڈھونڈ نکالا۔ اسے یہ بھی معلوم ہوا کہ اس کی ماں زندہ ہے۔ ویک اینڈ پر ان دونوں کی ملاقات بھی ہو گئی۔ مارگوٹ نے اخبار کو بتایا کہ جب اس نے اپنی ماں کے بارے میں معلومات جمع کرنی شروع کیں تو اس کے خواب و خیال میں نہیں تھا کہ وہ اپنی ماں کے گلے لگے گی۔ اطالوی ریڈکراس کی ترجمان نے اس واقعے کو ایک چھوٹے معجزے سے تشبیہ دی۔ اس نے کہا کہ 71 سال بعد بھائی بہنوں کے ملنے کے مواقع تو ہوتے ہیں مگر ماں بیٹی کے ملنے کا چانس کافی کم ہوتا ہے۔

Browse Latest Weird News in Urdu