جاپان میں بلی کو مل گیا بہت بڑا عہدہ

Faizan Hashmi فیضان ہاشمی جمعہ 4 ستمبر 2015 17:08

جاپان میں بلی کو مل گیا  بہت بڑا  عہدہ

جاپان (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔4ستمبر2015ء)جاپان کے دیہاتی ریلوے اسٹیشن پر ایک بلی کو سٹیشن ماسٹر مقرر کر دیا گیا ہے۔یہ نئی بلی مشہور زمانہ سٹیشن ماسٹر بلی ٹاما کی جگہ لے گی۔ جاپان کے کاشی ریلوے اسٹیشن پر نی ٹاما بلی نے اسٹیشن ماسٹر کے فرائض سنبھال لیے ہیں۔ مرحومہ اسٹیشن ماسٹر ٹاما کی وجہ سے جاپان کے کاشی ریلوے اسٹیشن کو خسارے سے نکلنے میں بڑی مدد ملی۔

لوگ اس بلی کو بطور اسٹیشن ماسٹر دیکھنے کے لیے خاص طور پر ریلوے سے سفر کرتے۔ٹاما بلی نے واکایاما الیکٹرک ریلوے کے کاشی اسٹیشن پر 8 سال بطور اسٹیشن ماسٹر کے فرائض سر انجام دئیے۔اس سال جون میں 16 سال کی عمر میں ٹاما بلی اس دنیا کو چھوڑ گئی۔ اس کے جنازے میں ہزاروں افراد نے شرکت کی تھی۔ٹاما کے مرنے کے بعد 50 دن کا روایتی سوگ منایا گیا جس کے بعد اب نئی اسٹیشن ماسٹر کو نامزد کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

نئی اسٹیشن ماسٹری نی ٹاما(Nitama) کو ٹاما دوئم کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔نی ٹاما نے ٹریننگ سکول فار کیٹ اسٹیشن ماسٹرز سے باقاعدہ “گریجویشن” کی ہے۔اسٹیشن ماسٹر کے لیے اسے چننے کی سب سے بڑی وجہ یہ بیان کی جاتی ہے کہ اسے براہ راست ٹاما بلی سے بھی فیض پانے کا موقع ہے۔ سکول میں اسے ٹاما نے پڑھایا ہے۔ بلیوں کے اسٹیشن ماسٹر بننے کے لیے جو سب سے بڑی صلاحیت ہوتی ہے وہ بھی نی ٹاما میں موجود ہے۔

ریلوے حکام کے مطابق اسٹیشن ماسٹر بننے والی بلی میں عوام میں گھلنے ملنے اور سر پر ہیٹ پہنے کی عادت ہو۔ نی ٹاما کے سی وی کے مطابق اس کی عمر 5 سال ہے۔ یہ واکایا الیکٹرک ریلوے لائن کے دوسرے اسٹیشن اڈاکیسو پر اسٹیشن ماسٹر کے فرائض سر انجام دے چکی ہے۔ نی ٹاما اوکایاما الیکٹرک ٹرام وے پر ریسشنسٹ کے فرائض بھی سر انجام دے چکی ہے۔ٹاما کے دور میں نی ٹاما کاشی کے ریلوے اسٹیشن پر ڈپٹی اسٹیشن ماسٹر کا کام سر انجام دیتی تھی۔

رپورٹس کے مطابق 2007 میں ٹاما بلی کو اسٹیشن ماسٹر تعنیات کرنے سے پہلے معاشی بحران کی وجہ سے واکایاما الیکٹرک ریلوے بند ہونے والی تھی تاہم ٹاما بلی کی مقبولیت کی وجہ سے ریلوے لائن دیوالیہ ہونے سے بچ گئی۔ ریلوے حکام کو امید ہے کہ نی ٹاما بھی ٹاما جیسی کارکردگی دکھائے گی۔

Browse Latest Weird News in Urdu