19 سالہ باپ نے آئی فون کے بدلے نوزائیدہ بچی کو فروخت کردیا

Ameen Akbar امین اکبر منگل 8 مارچ 2016 05:19

19 سالہ  باپ نے آئی فون کے بدلے  نوزائیدہ بچی کو فروخت کردیا

یہ کہانی نہیں بلکہ بالکل سچ ہے۔چین میں ایک 19 سالہ نوجوان نے اپنی نوزائیدہ بیٹی کو پیسے کے عوض فروخت کرکے پیسوں سے آئی فون اور موٹر بائیک خرید لی۔
بیٹی کی فروخت کا یہ سودا ایک سال پہلے ہوا تھا، ایک نوجوان، جس کا نام اے ڈیوان،ہے مبینہ طور پر اپنی 18 دن کی بیٹی کو 23000 یوان یا 3500 ڈالر کے عوض ایک اجنبی کو فروخت کر دیا۔ رپورٹس کے مطابق اس نوجوان نے قیمت زیادہ کرنے کےلیے سودے بازی بھی کی تھی۔

یہ واقعہ ٹونگان، صوبہ فوجیان میں پیش آیا۔ بچی کے باپ نے ابھی تک اپنی ہائی سکول کی تعلیم ختم نہیں کی اور بچی کی ماں کی عمر بھی شادی کی قانونی عمر سے کم ہے۔
ڈیوان نے اپنی بیٹی کے لیےخریدار کو چینی چیٹ سروس کیو کیو پر تلاش کیا۔ اجنبی کا کہنا ہے کہ اس نے بچی کو اپنی بہن کے لیے خریدا ہے۔

(جاری ہے)


پولیس نے بعد میں بچی کی اصل ماں کو بھی ڈھونڈ نکالا ۔

بچی کی ماں نے اعتراف کیا کہ مجھے بھی گود لیا گیا تھا اور میرے علاقے میں بہت سے لوگ بھاری اخراجات کی وجہ سے بچوں کو فروخت کر دیتے ہیں۔بچی کی ماں کا کہنا ہے کہ مجھے نہیں معلوم تھا کہ بچوں کو فروخت کرنا جرم ہوتا ہے۔
عدالت نے بچی کے باپ کو تین سال کے لیے جیل بھیج دیا ہے، بچی کی ماں کو ڈھائی سال کی سزا سنا ئی گئی تھی مگر یہ سزا معاف کر دی گئی۔عدالت نے ان کی غربت کو مدنظر رکھ کر انہیں جرمانہ نہیں کیا۔
رپورٹس کے مطابق اجنبی خریدار کی بہن ہی اس وقت اس بچی کو پال رہی ہے۔

Browse Latest Weird News in Urdu