برطانوی پولیس 5سالہ بچی کی خواہش پر فورس میں بلیوں کو بھرتی کرے گی

Ameen Akbar امین اکبر پیر 4 اپریل 2016 04:55

برطانوی پولیس 5سالہ بچی کی خواہش پر فورس میں  بلیوں کو بھرتی کرے گی

ڈرہم، انگلینڈ کا ایک پولیس اسٹیشن چھوٹی بچی کا خط ملنے کے بعد بلیوں کو پولیس میں بھرتی کرنے کا سوچ رہا ہے۔
5سالہ بچی علیزہ ایڈمسن نے پولیس کو لکھا ہے کہ جب پولس فورس میں کتے استعمال کیے جا سکتے ہیں تو بلیاں کیوں نہیں۔ ڈرہم پولیس چیف مائیک برٹن نے خط کے جواب میں بچی کو لکھا ہے کہ وہ اس آئیڈیے کو اعلیٰ حکام تک بھیجے گا۔ مائیک نے علیزہ کو خط لکھتے ہوئے اپنی بلی کی ہاتھ سے بنائی ہوئی ڈرائنگ بھی بھیجی ہے۔


انسپکٹر رچی ایلن ، جو ڈرہم کے ڈاگ سپورٹ یونٹ میں کام کرتے ہیں، نے گارجین کو بتایا کہ فورس میں بلیوں کے اضافے پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔انسپکٹر رچی نے تصدیق کی کہ وہ بلیوں کی بھرتی پر غور کر رہے ہیں جو برطانیہ میں پہلی پولیس بلیاں ہونگی۔انسپکٹر رچی نے بتایا کہ بلیوں کے فرائض اور ذمے داریوں پر ابھی اتفاق نہیں ہوسکا تاہم اگر کچھ نہ بھی ہوا تو بھی فورس کی خوش بختی کے لیے یہ بہترخیال ہے۔

(جاری ہے)

انسپکٹر رچی نے کہا کہ بلیاں چوہوں کا پتہ چلا کر انہیں پکڑ بھی سکتی ہیں۔
5سالہ علیزہ نے پولیس کو لکھے گئےخط میں تجویز دی کہ بلیوں کو اُن کے سننے اور شکار کرنے کی قابلیت کی بنا پر پولیس فورس میں شامل کیا جانا چاہیے۔علیزہ نے خط میں لکھا کہ بلیوں کے سننے کی صلاحیت بہت بہترین ہوتی ہے، اس لیے انہیں خطرے کا پہلے پتہ چل جائے گا، بلیاں گھر واپسی کا راستہ ڈھونڈنے میں بھی بہت بہتر ہوتی ہے، اس لیے وہ پولیس والوں کو بھی راستہ دکھا سکتی ہیں۔

علیز ہ نے بلیوں کی مزید تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ بلیاں درختوں پر بھی چڑھ سکتی ہیں اس لیے وہ پھنسے ہوئے لوگوں کی مدد بھی کر سکتی ہیں۔
علیزہ کی ماں، شیرل، نے بی بی سی کو بتایا کہ اس کی بیٹی ہر وقت سوال کرتی رہتی ہے، اس نے ہی اس سے یہ خط لکھوایا، شیرل نے علیزہ کو کہا تھا کہ اس کے خط کا جواب نہیں آئے گا مگر پولیس چیف کی طرف سے جواب پا کر علیزہ بہت خوش ہے۔ انسپکٹر رچی نے بھی بچی کو ایک کیلنڈر بھیجا ہے اور پولیس اسٹیشن میں آنے کی دعوت دی ہے۔

Browse Latest Weird News in Urdu