بچوں کی آیا نے بچوں کا خیال رکھتے ہوئے بنک لوٹ لیا

Ameen Akbar امین اکبر ہفتہ 21 مئی 2016 19:37

بچوں کی آیا نے بچوں کا خیال رکھتے ہوئے  بنک لوٹ لیا

کولوراڈو کی ایک خاتون پر دوبچوں کا خیال رکھتے ہوئے بینک ڈکیتی اور بچوں کے ساتھ زیادتی کے الزامات کے تحت مقدمہ قائم درج کر لیا گیا ہے۔
28 سالہ راشیل اینسپاہر کو جمعہ کے روز پولیس نے گرفتار کیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ کولوراڈو کی خاتون نے کولوراڈو ایسٹ بینک اینڈ ٹرسٹ کی ڈرائیوتھرو ونڈو کو لوٹا تھا۔
ویلڈ کاؤنٹی شیرف کے دفتر کے بیان کے مطابق راشیل نے بنک کی کیشئر خاتون کو ایک پرچی دی۔

پرچی پر لکھا تھا کہ میرے ساتھ گاڑی میں ایک آدمی بیٹھا ہے، اگر اسے پیسے نہ دئیے تو وہ بچوں کو نقصان پہنچانے کی دھمکی دے رہا ہے۔
سی بی ایس ڈینور کے مطابق پرچی پر لکھا تھا کہ کوئی الارم نہیں بجانا، میری سیٹ کے بالکل پیچھے بیٹھے ہوئے شخص کو سو سو اور پچاس پچاس والے نوٹ چاہیے، کوئی رنگ والی یا ٹریکر والی گڈی نہ ہو۔

(جاری ہے)

۔۔ اس نے میرے بچوں پر پستول تانی ہوئی ہے۔


کیشئر خاتون کے مطابق اس نے کئی زندگیوں کو خطرے میں محسوس کر کے انہیں 500 ڈالر دے دئیے، جس کے بعد وہ سفید رنگ کی نسان گاڑی چلاتے ہوئے موقع سے چلی گئی۔ڈکیتی کی خبر ملنے کے بعد ڈپٹی نے بنک کو محفوظ کیا اور علاقے کی ناکہ بندی کر دی۔کیشنئر نے کار کی جو تفصیلات بتائی تھیں، پولیس نے وہی کار بنک سے کچھ فاصلے پر پکڑ لی۔
ایک ویب سائٹ کے مطابق جب راشیل اور اس کی مالکن کا انٹرویو کیا گیا تو معلوم ہوا کہ راشیل تو آیا ہے اور ڈکیتی کے دوران جو بچے گاڑی کی پچھلی سیٹ پر بیٹھے تھے راشیل اُن کا خیال رکھ رہی تھی۔

بچوں کو بینک ڈکیتی کے دوران کوئی نقصان نہیں پہنچا۔ڈینور چینل کے مطابق راشیل نے پولیس کو بتایا کہ میں جیل واپس نہیں جا سکتی۔

پہلے پہل تو راشیل نے بیان دیا کہ ایک نامعلوم آدمی نے انہیں مجبور کیا کہ وہ بنک جائے اور پیسے لائے لیکن بعد میں راشیل نے اس با ت کا اعتراف کیا ہے کہ بنک لوٹنا اسی کی منصوبہ بندی تھی۔
راشیل نے پولیس کو بتایا کہ پیسے حاصل کرنے کا مقصد اپنے پچھلے جرائم میں ادائیگی کے لیے 15ہزار ڈالر اکھٹے کرنا تھا ۔راشیل پر پر 30سے زیادہ جرائم پر مقدمات چل رہے ہیں ،جن میں جعلسازی ، شناخت کی چوری اورچوری وغیرہ شامل ہیں۔ اب راشیل پر ایک مقدمہ ڈکیتی اور دو مقدمے بچوں سے زیادتی کے قائم کیے گئے ہیں۔ وہ بدستور ویلڈ کاؤئٹی جیل میں ہے۔

Browse Latest Weird News in Urdu