نمائش کے دوران بچے نے 15ہزار ڈالر مالیت کا لیگو توڑ دیا، مالک کا حیران کن ردعمل

Ameen Akbar امین اکبر جمعرات 2 جون 2016 17:52

نمائش کے دوران بچے  نے 15ہزار ڈالر مالیت کا لیگو توڑ دیا، مالک کا حیران کن ردعمل

جب بھی کوئی نمائش دیکھنے جائیں تو فن پاروں سے خود بھی دور رہیں اور اپنے بچوں کو بھی دور رکھیں۔ فن پاروں کو چھونے سے وہ خراب ہی نہیں بلکہ ٹوٹ بھی سکتے ہیں۔
جنوبی چین کے شہر ننگبو میں ہونے والے ایکسپو کو شروع ہوئے چند گھنٹے بھی نہیں ہوئے تھے کہ ایک چھوٹے بچے نے انسانی سائز کے لیگو کا مجسمہ گرا دیا۔نیچے گرنے سے اس کے ٹکڑے ٹکڑے ہوگئے۔

نک نام کی لومڑی کے اس مجسمے کو بنانے میں 3 دن لگے تھے اور اس پر 15 ہزار ڈالر لاگت آئی تھی۔
سی سی ٹی وی کے مطابق مسٹر ژہاؤ نام کے فن کار نے سوشل میڈیا پر اس مجسمے کی تصاویر پوسٹ کی ہیں۔ ان بہت سی تصاویر میں اسے مجسمہ بناتے ہوئے دکھایا گیا ہے تاہم آخری تصویر میں اس مجسمے کو ٹکڑے ٹکڑے دکھایا گیا ہے۔
مسٹرژہاؤ نے 4 سے 5سال کے بچے کے والدین کی معذرت قبول کرتے ہوئے ان سے کسی قسم کے ہرجانے کا مطالبہ نہیں کیا۔

(جاری ہے)

مسٹر ژہاؤ نے کہا کہ بچے کا ارادہ اسے توڑنے کا نہیں تھا۔
اسی طرح کاایک حادثہ مئی میں شنگھائی میوزیم آف گلاس میں ہوا تھا، جہاں دوبچوں نے شیشے کے ایک گلاس، جس کے ساتھ دو پر لگے ہوئے تھے ، کو توڑ دیا۔ فن کار نے اس گلاس کو ”فرشتہ انتظار کر رہا ہے“ کا نام دیاتھا۔ اُس فن کار نے گلاس ٹوٹنے کے بعد اسے اٹھایا نہیں بلکہ وہیں رہنے دیا اور اس کا نام بدل کر”Broken“ رکھ دیا۔

Browse Latest Weird News in Urdu