سمندر آپ کی سوچ سے زیادہ گہرے ہیں

Ameen Akbar امین اکبر اتوار 13 نومبر 2016 22:09

سمندر آپ کی سوچ سے زیادہ گہرے ہیں

یوٹیوب پر رئیل لائف لور (Real Life Lore) کی اپ لوڈ کی ہوئی ایک ویڈیو میں بہت ہی دلچسپ انداز میں سمندر کی گہرائی سے متعلق حقائق بیان کیے گئے ہیں۔ اس ویڈیو کے مطابق سمندر اتنے گہرے ہیں کہ اگر دنیا کے بلند مقامات کو ہموار کر کے سمندر کے گہرے مقامات کو پُر کیا جائے تو سطح زمین سمندر کی سطح آب سے 2 میل نیچے ہو جائے گی۔
ویڈیو کے مطابق تفریح کے طور پر غوطہ خوری کرنے والے سطح آب سے 40 میٹر نیچے تک ہی جاتے ہیں۔

100 میٹر پر بغیر احتیاطی تدابیر کے غوطہ خوری خطرناک ہو سکتا ہے۔فری ڈائیونگ میں ورلڈ ریکارڈ 214 میٹر کا ہے۔اس ریکارڈ کو بنانے والا اس گہرائی تک صرف ایک سانس میں گیا تھا۔332 میٹر وہ گہرائی ہے جہاں تک غوطہ خوری کا عالمی ریکارڈ بنایا جا چکا ہے۔اگر وہ 111 میٹر مزید نیچے یعنی 443 میٹر کی گہرائی پر چلا جاتا تو یہ ایمپائر سٹیٹ بلندی کے برابر ہوتا۔

(جاری ہے)

500 میٹر کی گہرائی تک ہی بلیو وہیل اور یو ایس سی ولف کلاس نیوکلیئر آبدوز کی پہنچ ہے۔535 میٹر کی گہرائی ایمپرر پینگوئن کی حد پہنچ ہے۔سطح آب سے 1000 میٹر کی گہرائی میں سورج کی روشنی ہی نہیں پہنچ سکتی۔ اس مقام پر بہت گہرا اندھیرا ہوتا ہے۔اس مقام پر پانی کا دباؤ اتنا ہی ہوتا ہے جتنا کسی شخص کے سیارہ زہرہ پر کھڑے ہونے سے ہوسکتا ہے۔ یعنی یہاں موجود کوئی بھی شخص فوراً ہی مرسکتا ہے۔

اگر پانی کا دباؤ کسی کو ہلاک نہ بھی کرے تو یہاں موجود سکوئیڈ(قیر ماہی) ہی کسی کو مارنے کےلیے کافی ہیں۔1280 میٹر کی گہرائی میں لیدر بیک کچھوے ہی پہنچ سکتے ہیں۔2000 میٹر کی گہرائی میں بلیک ڈریگن فش موجود ہوتی ہے۔اس گہرائی میں اس مچھلی کو دیکھنے کا ایک ہی طریقہ ہے کہ فلیش لائٹ استعمال کی جائے۔2250 میٹر کی گہرائی تک صرف سپرم وہیل اور خوفناک مخلوق کلوسل سکوئیڈ ہی جا سکتی ہے۔

ان کلوسل کی لمبائی 14 میٹر اور وزن 750 کلو گرام تک ہوتا ہے جبکہ ان کی آنکھوں کا سائز ڈنر پلیٹ جتنا ہوتا ہے۔
3800 میٹر کی گہرائی میں مشہور زمانہ جہازٹائی ٹینک کا ڈھانچہ موجود ہے۔4000 میٹر کی گہرائی میں پانی کا دباؤ 11ہزار پاؤنڈ فی مربع انچ ہوتا ہے۔اس گہرائی اور پانی کے شدید دباؤ کے باوجود یہاں عجیب و غریب مچھلیاں اور مخلوق موجود ہوتی ہیں۔

6000 میٹر کی گہرائی میں پانی کا دباؤ اتنا زیادہ ہوتا ہے کہ جیسے کسی شخص پر ایک ساتھ 50 جمبو جیٹ 747 طیارے رکھ دئیے جائیں۔اس کے باوجود اس گہرائی میں بھی زندگی موجود ہے۔6500 میٹر کی گہرائی اس آبدوز کی حد پہنچ ہے جس نے ٹائی ٹینک دریافت کیا تھا۔
2012 میں جیمز کیمرون ڈیپ سی چیلنجر مشن کے دوران 10800.98 میٹر کی گہرائی تک پہنچا تھا۔
اس سے پہلے 1960 کی دہائی میں دو افراد خصوصی آبدوزوں کے ذریعے 10888اور 10916میٹر کی گہرائی تک پہنچے تھے۔

انہیں یہاں تک پہنچنے میں 5 گھنٹے سے زیادہ لگے تھے مگر وہ یہاں آبدوز کی کھڑکی ٹوٹنے کے باعث 20 منٹ ہی ٹھہر سکےا ور واپس آگئے۔
10972 میٹر وہ اوسط بلندی ہے، جہاں تجارتی ہوائی جہاز پرواز کرسکتے ہیں۔ اگر کبھی آپ اتنی بلندی پر پرواز کر رہے ہیں تو زمین کی طرف سے دیکھ کر سمندر کی گہرائی کا اندازہ کر سکتے ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ سمندروں کے بہت سے مقامات ایسے ہیں جہاں تک انسانوں کی رسائی نہیں ہوسکی۔ ماہرین کے مطابق انہوں نے سمندروں کے صرف 5فیصد حصے کی درست میپنگ کی ہے،باقی 95 فیصد پر کام کرنا باقی ہے۔

Browse Latest Weird News in Urdu