ایک ہی خاندان کے 25 افراد کی ہاتھوں کی 12 اور پاؤں کی بھی 12 انگلیاں

Ameen Akbar امین اکبر ہفتہ 19 نومبر 2016 18:30

ایک ہی خاندان کے 25 افراد کی ہاتھوں کی  12 اور پاؤں کی بھی 12 انگلیاں

ایک غیر معمولی بھارتی خاندان کے 25 افراد کے ہاتھوں کی 12اورپاؤں کی بھی 12 انگلیاں ہیں۔شمالی بھارت کے صوبے بہار کے گاؤں گایا کے کرشنا چوہدری اور اس کے بھائی ، بہنوں اور بچوں کے دونوں ہاتھوں اور پاؤں پر 24 انگلیاں ہیں۔اسی بیماری کی وجہ سے کرشنا کو اپنی بیٹی کی شادی میں کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے کیونکہ اس کے متوقع داماد کو بیٹی کے ہاتھوں اور پاؤں کی اضافی انگلیاں پسند نہیں آتی۔


کرشنا چوہدری کا کہنا ہے کہ میرے باپ اور دادا کے ہاتھ اورپاؤں کی بھی 24 انگلیاں تھیں۔ اب میری، میرے بھائیوں، بہنوں، بچوں اور پوتوں کے ہاتھ اور پاؤں کی بھی 24 انگلیاں ہیں۔کرشنا یومیہ اجرت پر مزدوری کرتا ہے۔ اس کا کہنا ہے کہ مجھے تو اضافی انگلیوں سے کوئی مسئلہ نہیں ہوتا لیکن اضافی انگلیوں کی وجہ سے میرے بچوں کے رشتے نہیں ہورہے۔

(جاری ہے)

کرشنا کا کہنا ہے کہ اس کی بیٹی کی 24 انگلیوں کی وجہ سے 4 افراد نے اس سےشادی کرنے سے انکار کر دیا ہے۔
کرشنا کی سالی ستبیا چوہدری اس بیماری کو رحمت اور باقی گھروالے بددعا سمجھتے ہیں۔ ستبیا کا کہنا ہے کہ یہ ناممکن ہے کہ ایک ہی وقت میں سب گھروالوں کو ایک ہی بیماری لگے، یہ خدا کی طرف سے کوئی پیغام ہے۔
کرشنا کا کہنا ہے کہ پاؤں کی اضافی انگلیاں ہونے کے باعث اسے اور اس کے گھر والوں کو آرام دہ جوتے نہیں ملتے ، اپنی مرضی کے جوتے وہ بنوا نہیں سکتے اور اسی وجہ سے چپل پہننے پر مجبور ہیں۔


ڈاکٹر ڈی وائی پاٹل میڈیکل کالج پونے کے اسسٹنٹ پروفیسر، ڈاکٹر آیوش گپتا نے بتایا کہ اس بیماری کا نام پولی ڈاکٹیلے(Polydactyly) ہے۔یہ جنیاتی بیماری ہے۔ اضافی انگلیاں انسانی جسم کے لیے تو نقصان دہ نہیں ہوتی تاہم اس کے نفسیاتی اثرات ہو سکتے ہیں۔ اضافی انگلیاں آپریشن سے کٹوائی جا سکتی ہیں مگر اس کا آپریشن مہنگا ہوتا ہے۔

Browse Latest Weird News in Urdu