اے فور کے عام کاغذ سے پلاسٹک، لکڑی اور شیشے کو باآسانی کاٹا جا سکتا ہے

Ameen Akbar امین اکبر پیر 15 مئی 2017 23:51

اے فور کے عام کاغذ سے پلاسٹک، لکڑی اور شیشے کو باآسانی کاٹا جا سکتا ہے
کاغذ کو عام طور پر کافی کمزور سی چیز سمجھا جاتا ہے ۔ ظاہر ہے جسے آرام سے ٹکڑے ٹکڑے کر دیا جائے اسے کمزور ہی سمجھا جائے گا لیکن شاید آپ کو معلوم نہیں کہ عام اور کمزور سے نظر آنے والے کاغذ سے لکڑی ، پلاسٹک اور شیشے کو بھی کاٹا جا سکتا ہے۔ کاغذ اتنی سخت اشیاء کو اتنی آسانی سے کاٹ سکتا ہے جیسے وہ لوہے کا بلیڈ ہو۔
یوٹیوب کی ایک ویڈیو میں عام A4 کاغذ سے پلاسٹک، لکڑی اور شیشے کو کاٹتے  ہوئے دکھایا گیا ہے۔

ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ اگر کاغذ کو بالکل گول کاٹ کر روٹری ٹول یا برمے میں  استعمال کیا جائے تو وہ اپنے سے کئی سو گنا سخت چیزوں کو کاٹ دیتا ہے۔ ویڈیو میں دکھایا گیا ہےکہ سب سے پہلے ایک شخص کاغذ  پر گلیو کی مدد سے دوسرے کاغذ کو چپکاتا ہے۔ اس کے بعد اس  دوہرے کاغذ سے ایک گول ٹکڑا الگ کر لیتا ہے۔

(جاری ہے)

اس گول ٹکڑے کو  روٹری ٹول سے گھما کر اس سے مختلف چیزوں کو کاٹا جاسکتا ہے۔


عام سا کاغذ جب عام حالت میں ہوتا ہے تو کافی کمزور سا ہوتا ہے لیکن گھومتے ہوئے اس کے کنارے بہت سخت ہو جاتے ہیں۔ یہ اتنے سخت  ہو جاتے ہیں کہ لکڑی اور پلاسٹک کو بھی کاٹ دیں۔
یوٹیوب کی ایک دوسری ویڈیو میں ایک شخص میز پر لگے  بلیڈ کو ہٹا کر کاغذ کا بنا ہوا بلیڈ لگا کر گھماتا ہے تو اس سے بھی لکڑیاں اور پلاسٹک کٹ جاتا ہے۔

Browse Latest Weird News in Urdu