یوٹیوب کے لیے خطرناک ترین ویڈیو بناتے ہوئے عورت نے اپنے ساتھی کی جان لے لی

Ameen Akbar امین اکبر جمعہ 30 جون 2017 23:19

یوٹیوب کے لیے خطرناک ترین  ویڈیو بناتے ہوئے عورت نے اپنے ساتھی کی جان لے لی

ایک نوجوان جوڑے نے یوٹیوب کے لیے خطرناک ترین ویڈیو بناتے  ہوئے ا پنی زندگی کی سب سے بڑی غلطی کر دی، جس کا خمیازہ انہیں ایک کی زندگی کی صورت میں ادا کرنا پڑا۔
مینی سوٹا سے تعلق رکھنے والی 19 سالہ مونا لیزا پیریز کو پچھلے سوموار کو اپنے ساتھی کو گولی مارنے  پر گرفتار کر لیا گیا ہے۔مونا لیزا نے چند دن پہلےہی اپنے ٹوئٹ میں بتایا تھا کہ وہ اپنے ساتھی 22سالہ پیڈروروئیز کے ساتھ مل کر اپنے یوٹیوب چینل کے لیے خطرناک ترین ویڈیو بنانے والے ہیں اور اس کا خیال پیڈرو کا ہی ہے۔

(جاری ہے)


عدالتی کاغذات کے مطابق یہ جوڑا گھر کے باہر ایک ویڈیو فلما رہا تھا۔ ان کا ارادہ تھا کہ پیڈرو اپنے سینےکے سامنے ایک کتاب  رکھے گا اور مونا لیزا کتاب پر گولی مارے گی۔ اُن کا  خیال تھا کہ کتاب گولی کو روک لے گی لیکن 50 کیلیبر کی ڈیزرٹ  ایگل پسٹل کتاب کے بہت آسانی سے پرخچے اڑا سکتی تھی، اسی وجہ سے گولی کتاب میں سے پار ہو کر پیڈرو کو لگی اور وہ نیچے گر گیا۔ مونا لیزا نے فوراً ہی پولیس اور ایمبولینس کو بلایا مگر پولیس اور ریسکو حکام نے موقع پر ہی پیڈرو کی موت کی تصدیق کر دی۔
پیڈرو کی ایک آنٹی کا بھی کہنا ہے کہ پیڈرو نے اُن سے اس ویڈیو کے بارے میں  بتایا تھا، جس پر انہوں نے اسے احتیاط کا مشورہ دیا تھا۔

Browse Latest Weird News in Urdu