چینی قانون ساز امریکا کی وجہ سے قومی ترانے کے دوران سینے پر ہاتھ رکھنے پر پابندی عائد کرنا چاہتے ہیں

Ameen Akbar امین اکبر ہفتہ 1 جولائی 2017 23:51

چینی قانون ساز  امریکا کی وجہ سے  قومی ترانے کے دوران سینے پر ہاتھ رکھنے  پر پابندی عائد کرنا چاہتے ہیں

مختلف تقاریب خاص کر کھیلوں کے مقابلوں میں قومی ترانے کے دوران دنیا کے اکثر ممالک کے افراد  اپنا دایاں ہاتھ اپنے سینے یعنی دل کے اوپر رکھ کر وطن کے لیے احترام کے جذبات کا اظہار کرتے ہیں ۔
چینی افراد بھی اپنے قومی ترانے ، جسے “رضاکاروں کا مارچ” (March of the Volunteers) کہا جاتا ہے،  کے دوران اپنا دایاں ہاتھ اپنے دل پر رکھتے ہیں۔تاہم نیشنل پارٹی کی کانگرس سٹینڈنگ کمیٹی میں  چینی قومی ترانے کے حوالے سے ایک نئی بحث شروع ہوگئی ہے۔


کمیٹی کے ایک ممبر شن گولنگ نے تجویز دی ہے کہ قومی ترانے کے دوران اپنا ہاتھ سینے پر رکھنے پر پابندی عائد کی جائے۔ اُن کا کہنا ہے کہ قومی ترانے کے دوران سینے پر ہاتھ رکھنا امریکا سے شروع ہوا، اس  کی چین میں کوئی تاریخ نہیں ہے۔اُنکا کہنا تھا کہ یہ امریکا میں 1942 میں شروع ہوا، جس کا مطلب امریکا کو سلیوٹ کرنا ہے۔

(جاری ہے)

شن کا کہنا ہے کہ ہمیں چینی اقدار اور چینی قوانین پر عمل کرنا چاہیے۔

انہوں نے قانونی مسودے میں اضافہ کیا کہ ترانے کے دوران غیر ملکی ، مذہبی یا خودساختہ حرکات پر پابندی لگائی جائے۔
قومی ترانے کے احترام کو یقینی بنانے کے لیے چینی قانون ساز 2014 میں شادی کی تقاریب، جنازوں اور غیر سیاسی تقریبات میں قومی ترانہ پڑھنے یا اس کی دھن بجانے پر پابندی لگا چکے ہیں۔یعنی رضاکاروں کا مارچ خصوصی سیاسی تقاریب، حکومتی ملاقاتوں، حلف برداری کی تقاریب اور پرچم کشائی کی تقاریب کے لیے مخصوص ہو گیا ہے۔

تاہم بعد میں قانون میں نرمی کرتے ہوئے  سکولوں اور تعلیمی اداروں میں قومی ترانے کی اجازت دے دی گئی ہے۔
قانون کے نئے مسودے میں کہا گیا ہے کہ جب قومی ترانہ پڑھا جائے تو عام شہری پرچم کو دیکھیں جبکہ  باوردی فوجی اور پولیس افسران سلیوٹ کریں۔
قومی ترانے کے حوالے سے اس تجویز کے سامنے آنے کے بعد انٹرنیٹ پر چینی صارفین میں ایک نئی بحث شروع ہوگئی ہے۔

لوگوں کا کہنا ہے کہ قومی ترانے کے دوران سینے پر ہاتھ رکھنا اپنے ملک کو احترام دینا ہے امریکا کو احترام دینا نہیں۔
ایک انٹرنیٹ صارف نے اس پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ یہ اصول امریکی ہے لیکن جذبات  تو عالمی ہیں۔ ایک دوسرے صارف کا کہنا ہے کہ سینے پر ہاتھ رکھنے کا مطلب ہے کہ میں اپنی دھرتی ماں کو اپنے دل کے قریب رکھتا ہوں۔

Browse Latest Weird News in Urdu