ڈکیتی کی واردات کرنے والا ڈاکو اسی وقت دو بار لٹنے کے بعد پولیس پہنچ گیا۔ پکڑے جانے پر شہر کے خراب حالات کا شکوہ بھی کیا

Ameen Akbar امین اکبر جمعہ 4 اگست 2017 23:37

ڈکیتی کی واردات کرنے والا ڈاکو  اسی وقت دو بار لٹنے کے بعد پولیس پہنچ گیا۔ پکڑے جانے پر شہر کے خراب حالات کا شکوہ  بھی کیا

یہ 2012 کی بات ہے جب برازیل کے ایک ڈاکو ماؤریسیو فیررو دوسروں کو لوٹتے ہوئے خود لٹ گیا اور پھر رپورٹ درج کرانے پولیس اسٹیشن بھی پہنچ گیا۔
قصہ کچھ یوں ہے کہ فیررو نے ایک فارمیسی کو لوٹنے کا پروگرام بنایا۔ فیررو نے سوچا کہ لوٹ کا مال لے کر فرار ہونے میں آسانی کے لیے اپنی کار چلتے ہوئے انجن کے ساتھ ہی فارمیسی کے باہر پارک کرے۔ چلتی ہوئی کار چھوڑ کر فیررو فارمیسی کے اندر گیا اور ڈکیتی کی کامیاب واردات کے بعد باہر واپس آگیا۔

باہر آ کر کیا دیکھتا ہے کہ کوئی دوسرا چور اس کی گاڑی چرا کر بھاگ چکا ہے۔ وہ اپنی گاڑی چرانے والے چور کو ہی گالیاں دے رہا تھا کہ ایک اور شخص آیا اور اس کے ہاتھ سے فارمیسی سے لوٹی ہوئی رقم کا بیگ بھی چھین کر بھاگ گیا۔
غصے میں بھرا فیررو سیدھا رپورٹ درج کرانے پولیس اسٹیشن پہنچ گیا۔

(جاری ہے)

مگر قسمت سے اسی وقت فارمیسی کا مالک بھی پولیس اسٹیشن آگیا، جس کے باعث فیررو فوراً پکڑا گیا۔

اس کے بعد پولیس اسٹیشن نے مقامی ٹی وی رپورٹر کو فیررو سے ملنے کی اجازت دے گی۔ رپورٹر سے بات کرتے ہوئے فیررو نے شہر میں سیکورٹی کی صورتحال کا شکوہ کیا۔ اس نے کہا کہ ابھی تو اس نے اپنی گاڑی کو دل بھر کر چلایا بھی نہیں  تھا۔ فیررو نے کہا کہ یہ کاراس کے خون پسینے کی محنت کی ہے۔ جب فیررو سے پوچھا گیا کہ کیا اس نے کار خریدی تھی تو فیررو نے بتایا کہ یہ اس نے گزشتہ دن چوری کی تھی۔

Browse Latest Weird News in Urdu