گڑیوں کو حقیقت سے قریب تر روپ دینے والی باصلاحیت فنکارہ

Ameen Akbar امین اکبر پیر 26 مارچ 2018 23:25

گڑیوں کو حقیقت سے قریب تر روپ  دینے والی باصلاحیت فنکارہ

کیف، یوکرین سے تعلق رکھنے والی اولگا کیمنٹسکایا اپنے منفرد کام کی بدولت بہت مقبول ہوگئی ہیں۔ اولگا کسی بھی شکل اور جسامت کی عام سی  گڑیا کو اپنے فن کی مدد سے نہایت ہی حقیقی انسانی روپ میں ڈھال دیتی ہیں۔ ان کی بنائی گڑیاؤں کو  دیکھ کر ایسا لگتا ہے جیسے کسی  گڑیا نہیں انسان کی شکل کو  دیکھ کر انہیں تخلیق کیا گیا ہو۔
اولگا بچپن میں دیگر لڑکیوں کی مانند گڑیوں سے کھیلنے کا شوق رکھتی تھیں۔

وقت کے ساتھ ساتھ ان کا یہ شوق ختم ہونے کے بجائے مزید بڑھتا گیا۔چند سال قبل انہوں نے مونسٹر ہائی ڈولز کا ایک  اشتہار دیکھا تو شدید متاثر ہوئیں اور یکے بعد دیگرے گڑیائیں خریدتی چلی گئیں۔اس کے علاوہ آن لائن مختلف گڑیاؤں کو دیکھنے میں وقت گزارنے لگیں۔ایک دن اسی مشغلے کے دوران OOAK  یعنی One of A Kindنامی فن  سے واقفیت ہوئی۔

(جاری ہے)

یہ ایک مشکل لیکن بہترین فن ہے جس میں انسانی ہاتھوں سے تخلیق کردہ گڑیا مکمل طور پر انسانی مشابہت کا شاہکار معلوم ہوتی ہے۔

اولگا نے پورا سال اس فن کو سیکھنے اور آن لائن ٹیوٹوریلز دیکھنے میں صرف کردیا۔آخرکار 2013 میں انہوں نے پہلی بار ایک عام سی گڑیا کو دیکھ کر اسے دوبارہ بنایا۔ اس کے بعد انہوں نے  تین ماہ مسلسل کام کرکے اس  فن کی مزید باریکیوں پر مہارت حاصل کی۔ اس کے بعد انہوں نے اپنے کام کو آن لائن پیش کیا جس کے بعد انہیں گڑیا تیار کرنے کے آرڈرز ملنے لگے اور یہ سلسلہ تاحال جاری ہے۔اولگا مختلف مشہور شخصیات جیسی نظر آنے والی گڑیاؤں کو بھی تیار کر چکی ہیں ۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے انسٹاگرام اور فیس بک کے ذریعے اپنے کام کی تشہیر کو بھی جاری رکھا ہوا ہے۔

گڑیوں کو حقیقت سے قریب تر روپ  دینے والی باصلاحیت فنکارہ

Browse Latest Weird News in Urdu