اکیلی رہنے والی خواتین کی حفاظت کے لیے کھڑکیوں کے دلچسپ پردے، جن میں چلتے پھرتے مرد کا سایہ نظر آتا ہے

Ameen Akbar امین اکبر بدھ 4 اپریل 2018 23:43

اکیلی رہنے والی خواتین کی حفاظت کے لیے  کھڑکیوں کے دلچسپ پردے، جن میں چلتے پھرتے مرد کا سایہ نظر آتا ہے

جاپان میں تنہا زندگی گزارنے والی خواتین کے لیے خصوصی قسم کے پردے متعارف کروائے گئے ہیں جنہیں "Man on the curtain" کا نام دیا گیا ہے۔ اس ذہین نظام میں اسمارٹ فون کی مدد سے کھڑکیوں کے پردے پر انسانی حرکات کرتے ہوئے مرد کا سایہ تخلیق کیا جاتا ہے۔یہ پردے خواتین کو مجرموں کا نشانہ بننے سے بچانے کے لیے تیار کیے گئے ہیں۔
ٹوکیو گرچہ دنیا کے محفوظ ترین شہروں میں سے ایک ہے لیکن بعض اوقات یہاں بھی جرائم وقوع پذیر ہوتے ہیں اور ان کا ہدف زیادہ تر وہ خواتین بنتی ہیں جو اکیلے زندگی گزار رہی ہوتی ہیں۔

جاپانیوں کی اکثریت روم میٹ بننے کو پسند نہیں  کرتی،اپارٹمنٹ منیجمنٹ کمپنی لیو پیلس 21 نے "جرائم کے روک تھام کی پروجیکٹر کٹ" تیار کی ہے جس سے جرائم پیشہ افراد کو یہ تاثر دیا جاتا ہے کہ خواتین اپنے اپارٹمنٹ میں تنہا نہیں ہیں۔

(جاری ہے)

اسے دیا گیا نام"Man on the curtain" دراصل پروجیکٹر پر مشتمل ایک نظام ہے جسے اسمارٹ فون سے کنیکٹ کر کے کھڑکیوں کے پردے پر ایک چلتے پھرتے کام کرتے آدمی کا حقیقی سایہ تخلیق کیا جا سکتا ہے۔

اس کا مقصد یہی ہے کہ جب باہر سے کوئی شخص اپارٹمنٹ کی کھڑکی کی طرف دیکھے تو وہ انسانی خاکے کو حرکت میں دیکھ کر دھوکہ کھا جائے اور یہ سمجھے کہ حقیقتاً اندر کوئی آدمی موجود ہے۔ نوجوان خواتین کو مجرموں کے حملے سے محفوظ رکھنے کے لیے یہ تیکنیک اپنائی گئی ہے۔
اگر آپ یہ سوچ رہے ہیں کہ آخر پردے پر اس قسم کی شبیہہ کے بجائے ایک سادہ سا کارڈبورڈ یا اسی طرح کا مجسمہ کیوں نہیں  ؟ تو اس کا جواب ہے "مکمل حرکت". جی ہاں، اس پروجیکٹر پر نظر آنے والے متحرک انسانی خاکے دراصل بالکل قدرتی انداز میں حقیقی حرکات کرتے نظر آتے ہیں۔

فی الحال اس ذہین نظام میں 12 متحرک انسانی خاکے رکھے گئے ہیں جو دراصل حقیقی اداکاروں کی مختلف حرکات ہیں۔ صارفین اپنی مرضی سے کوئی بھی ماڈل چن سکتے ہیں جن میں آدمی کھڑکی کے سامنے ویٹ لفٹنگ کرتا ہوا، مارشل آرٹس یا باکسنگ کی مشق کرتا ہوا اور یہاں تک کہ گٹار بجاتا ہوا نظر آتا ہے۔ اور چونکہ مجرمانہ عزائم رکھنے والا شخص کسی ٹارگٹ پر زیادہ دیر نظر رکھ سکتا ہے لہذا یہ تمام 12 حرکات آدھے گھنٹے کے دورانیے پر مشتمل ہیں۔

جب اس انسانی متحرک سائے کا ایک روٹین ورک ختم ہوتا ہے تو دوسرا شروع ہو جاتا ہے۔اس طرح بغیر کوئی مشق دہرائے مکمل چھے گھنٹے تک "Man on the curtain" متحرک رکھا جا سکتا ہے۔
تاہم یہ منصوبہ ناکام ہونے کے امکانات بھی موجود ہیں خصوصاً اپارٹمنٹ کے گراؤنڈ فلور پر جب موسم گرما میں ہوا کی کمی کے باعث کھڑکیاں کھلی رکھی جاتی ہیں۔ لیو پیلس 21 نے مستقبل قریب میں ان پردوں کی عام فروخت کا کوئی ارادہ ظاہر نہیں کیا ہے۔ تاہم کون جانتا ہے کہ یہ منصوبہ لوگوں کو بہت زیادہ پسند آئے اور جلد ہی یہ مارکیٹ میں عام دستیاب ہو۔

Browse Latest Weird News in Urdu