لڑکا مبینہ طور پر اپنے جسم میں موجود توانائی سے ایل ای ڈی بلب روشن کر سکتا ہے

Ameen Akbar امین اکبر جمعرات 5 اپریل 2018 17:12

لڑکا  مبینہ طور پر اپنے جسم میں موجود توانائی سے ایل ای ڈی بلب روشن کر سکتا ہے

کیرالہ سے تعلق رکھنے والے 9 سالہ بھارتی لڑکے کی ایک ویڈیو  ان دنوں سوشل میڈیا پر کافی وائرل ہے۔ ویڈیو میں لڑکے کو  ایل ای ڈی کو چھو کر اسے روشن کرتے دکھایا گیا ہے۔
ابو طاہر نامی اس لڑکے کو اپنی حیرت انگیز خصوصیت کا حال ہی میں علم ہوا ہے۔ ابو طاہر اپنے والد نذیر کے ساتھ ری چارج ایبل ایل ای ڈی بلب خریدنے گیا تو اسے معلوم ہوا کہ وہ چھو کر بلب کو روشن کر سکتا ہے۔


طاہر کی ایک  آنٹی نے  طاہر کی ویڈیو بنا کر شیئر کی جو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔ طاہر کی اس خاصیت کے بعد اسے ٹی وی چینلز سے انٹرویو کے لیے فون آ رہے ہیں لیکن اسے ان کی کوئی پرواہ نہیں بلکہ وہ تو الٹا اپنی اس صلاحیت پر کافی شرمندہ دکھائی دے رہا ہے۔طاہر کے شرمیلے پن کو صارفین بلب روشن کرنے کی دوسری ہائی کوالٹی ویڈیو نہ ہونے کی وجہ قرار دے رہے ہیں تو کچھ صارفین کا کہنا ہے کہ یہ سب دھوکہ ہے، اسی لیے طاہر دوسری ویڈیوز نہیں بنا رہا۔

(جاری ہے)

  کچھ لوگوں کا یہ  بھی خیال ہے کہ طاہر کے والد نے ایل ای ڈی بلب  میں تبدیلی کر کے ان کے اندر ہی چھوٹی  بیٹری لگا دی ہے۔
ایک ماہر کا کہنا ہے کہ انسانی جسم سے ایل ای ڈی بلب کا روشن ہونا، جسم میں موجود نمکیات کی زیادہ مقدار کی وجہ سے ہوسکتا ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ ابوطاہر لائٹ بلب کو روشن نہیں کر سکتا بلکہ وہ ری چارج ایبل ایل ای ڈی لائٹ کوہی روشن کر سکتا ہے۔ طاہر کا یہ بھی کہنا ہے کہ اگر وہ زیادہ دیر تک بلب کو چھوئے رکھے تو اس کا جسم گرم ہونا شروع ہو جاتا ہے۔
طاہر کے باپ کو اپنے بیٹے کی خداداد صلاحیت پر فخر ہے جبکہ طاہر  اپنی اس صلاحیت سے ملنے والی شہرت  کو پسند نہیں کرتا۔ طاہر اس وقت  اپنے سکول کے امتحانات کی تیاریوں میں مصروف ہے۔

Browse Latest Weird News in Urdu