بھیڑیوں کے ساتھ پرورش پانے والا شخص انسانوں کے ساتھ زندگی گزارنے سے بیزار

Ameen Akbar امین اکبر اتوار 8 اپریل 2018 23:44

بھیڑیوں کے ساتھ پرورش پانے والا شخص   انسانوں کے ساتھ زندگی گزارنے سے بیزار

مارکوس روڈریگاز پنتوجا نے اسپین کے صوبہ کورڈوبا ( قرطبہ) کے پہاڑوں میں اپنی زندگی کے 12 سال بھیڑیوں کے ساتھ گزارے یہاں تک کہ 19 سال کی عمر میں سول گارڈز اسے وہاں سے واپس شہر میں لے آئے۔ لیکن  72 سال کا ہونے کے باوجود اب تک پنتوجا انسانوں کے ساتھ اپنی زندگی مکمل طور پر ایڈجسٹ نہیں کر پائے۔
1946 میں آنورا، صوبہ کورڈوبا، اسپین، میں پیدا ہونے والے مارکوس روڈریگاز پنتوجا تین سال کی عمر میں اپنی والدہ سے محروم ہوگئے۔

والدہ کے گزرنے کے بعد اُن کے والد نے انہیں چھوڑ دیا اور قریبی گاؤں میں دوسری عورت کے ساتھ رہنے لگے۔اس کے بعد انہیں پہاڑوں پر 300 بھیڑوں کی رکھوالی کی خاطر ایک پرانے گڈریے کی جگہ دینے کے لیے اس کے ساتھ رکھا گیا۔انہیں اس بوڑھے گڈریے نے سکھایا کہ کس طرح آگ جلانی ہےا ور مختلف اوزار بنانے ہیں۔

(جاری ہے)

   جب وہ آٹھ سال کے تھے تو وہ بوڑھا گڈریا وفات پا گیا اور انہیں بالکل تنہا رہنا پڑا۔

یہ واضح نہیں ہوا کہ پہاڑوں پر جنگلی بھیڑیوں کے ساتھ ان کی زندگی کیسے گزری لیکن 12 سال بعد جب سول گارڈ نے انہیں وہاں پایا تو اسے شہری زندگی کی طرف واپس لے آئے۔اس وقت انہیں صرف جانوروں کی مانند غرانا آتا تھا۔ انہیں انسانی تہذیب سے آشنا کروایا گیا لیکن انہوں نے  کبھی بھی انسانوں کے ساتھ اپنی زندگی کو سہل محسوس نہیں کیا۔ایک بار انہوں نے واپس بھیڑیوں کے پاس واپس جانے کی کوشش بھی کی لیکن اب یہ کام آسان نہیں رہا تھا۔

بھیڑیے اب انہیں خود سے الگ سمجھتے تھے۔
مارکوس کے نزدیک وہ بھیڑیوں کے ساتھ بہت خوش تھے۔ اب بھی وہ غیرانسانی مخصوص آواز نکال کر بھیڑیوں تک پہنچا سکتے ہیں، بھیڑیے گرچہ ان کے سگنل پر ردعمل بھی ظاہر کرتے ہیں لیکن انسانی عادات اپنانے پر وہ مارکوس کو خود میں شامل نہیں کرتے۔ مارکوس نے حال ہی میں ایک اخبار کے ساتھ اپنے ماضی کی خوشگوار یادیں شیئر کی ہیں۔

انہیں اب تک  ایک مادہ بھیڑیے کا پیار بھرا رویہ اور اس کے بچوں کا انہیں بھائیوں کی طرح قبول کرنا یاد ہے۔انہوں نے ان سے جنگل میں زندہ رہنے کے طور طریقے سیکھے اور یہ کہ کونسے پھل اور مشروم کھانا فائدہ مند ہے اور کن زہرآلود چیزوں سے بچنا ہے۔ مارکوس کو غاروں میں چمگادڑوں، سانپوں اور ہرنوں کے درمیان سونا اور بغیر کسی فکر کے کھردری زمین پر ننگے پاؤں دوڑنا یاد آتا ہے۔

لیکن 53 سال قبل سول گارڈ کی وجہ سے انہیں اپنی سابقہ زندگی سے دور ہونا پڑا۔ انسانوں سے انہیں تلخ تجربات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ انہوں نے انسانوں کی دھوکہ دہی کے بارے میں بتایا۔ انہوں نے بتایا کہ کس طرح  اُن کے ساتھی فٹ بال اور سیاست کے بارے میں نہ جاننے پر اس کا مذاق اڑاتے ہیں۔ مارکوس کی موجودہ رہائش  رانتے، گالیسیا، صوبہ اورینسے میں ہے۔ مارکوس آج کل ماحولیاتی تنظیم کے ساتھ کام کرتے ہوئے سکولوں میں بچوں کو  قدرتی ماحول کی اہمیت کے بارے میں بتاتے ہیں اور  بچوں کے ساتھ اپنی یادیں بانٹتے ہیں۔ بظاہر انسانوں میں  وہ بچوں کے ساتھ ہی خود کو تھوڑا پرسکون محسوس کرتے ہیں۔

Browse Latest Weird News in Urdu