ایک شخص نے 100 میل کا سفر طے کرنے کے لیے ریل کے ٹکٹ سے بھی کم قیمت میں استعمال شدہ کار خرید لی

Ameen Akbar امین اکبر اتوار 15 اپریل 2018 23:53

ایک شخص  نے  100 میل  کا سفر طے کرنے کے لیے ریل کے ٹکٹ سے بھی کم قیمت میں استعمال شدہ کار خرید لی

ایک  نوجوان نے حال ہی میں برطانیہ میں ریلوں  کے حد درجہ مہنگے ٹکٹ کی طرف توجہ دلانے کی کوشش کی ہے۔ اس نے 100 میل کا سفر طے کرنے کے لیے استعمال کردہ گاڑی خرید لی تاکہ بتا سکے کہ  کار خریدنے، پٹرول، انشورنس اور روڈٹیکس کی ادائیگی کے باوجود اسے یہ سفر  ریل کی نسبت کافی سستا پڑا ہے اور اب اس کے پاس کار بھی ہے۔
لندن سے تعلق رکھنے والا  27 سالہ ٹام چرچ اپنے  دوست سے ملنے کے لیے 100 میل دور  برسٹل جانا چاہتا تھا لیکن اس کے لیے اس نے ریل  کا مہنگا ٹکٹ نہیں خریدا۔

جب اسے علم ہوا کہ مذکورہ روٹ کی ریل کی  ٹکٹ  218 پاؤنڈز (311 ڈالر) کی ہے تو وہ  سفر کے لیے کوئی متبادل سستا ذریعہ تلاش کرنے میں لگ گیا۔ تھوڑی معلومات حاصل کرنے کے بعد اسے پتہ چلا کہ کسی استعمال  شدہ کار سے سفر کرنا نسبتاً کم خرچ ثابت ہوگا۔

(جاری ہے)

چنانچہ اس نے  ایک خاتون سے کاٹھ کباڑ کے طور پر فروخت کی جانے والی 1997  ماڈل کی ہونڈا سوک خرید لی۔

اس کا انجن بھی چھوٹا تھا، جس کی وجہ سے روڈ ٹیکس کم لگا ۔
کار کی اصل قیمت صرف 80 پاؤنڈز تھی لیکن اس نے 81.80 پاؤنڈز روڈ ٹیکس، 20.43 پاؤنڈز ایک دن کی انشورنس اور 25 پاؤنڈز پٹرول کی مد میں خرچ کیے اس طرح اس پورے سفر میں اس نے 206.81 پاؤنڈز رقم خرچ کی جو کہ ٹرین کے صرف ایک ٹکٹ کی  قیمت سے کم ہے۔ یاد رہے اس وقت لندن سے برسٹل کی ریٹرن ٹکٹ کی قیمت 210 سے 218.10 پاؤنڈز کے درمیان ہے۔ اس طرح حقیقتاً اس کا یہ سفر ٹرین کی نسبت چند پاؤنڈز سستا رہا۔

Browse Latest Weird News in Urdu