جنون ہو تو ایسا۔ فٹ بال سٹیڈیم میں داخلے پر پابندی کے بعد نوجوان نے انوکھا طریقہ ڈھونڈ نکالا

کرائے پر کرین حاصل کر لی

Ameen Akbar امین اکبر پیر 30 اپریل 2018 23:52

جنون ہو تو ایسا۔ فٹ بال سٹیڈیم میں داخلے پر پابندی کے بعد  نوجوان نے انوکھا طریقہ ڈھونڈ نکالا

ترکی کے ایک فٹ بال کلب ڈنيزلی سپور کے ایک دیوانے  نے صرف ایک کرین کرائے پر لے کر عالمی شہ سرخیوں میں جگہ بنا لی۔ اصل میں 37سالہ علی دیمرکایا المعروف امیگو علی پر2017 میں  ڈنیزلی سپور  کے سٹیڈیم داخلے پر ایک سال تک داخلے کی پابندی لگی تھی۔ اس پابندی کی وجہ 2015 میں سٹیڈیم میں ہونے والے ایک  ناخوشگوار واقعے میں علی کی شمولیت تھی ۔علی نے اس فیصلے کے خلاف کئی بار اپیل کی۔

تاہم اپنی پسندیدہ ٹیم کا میچ براہ راست  دیکھنے کے لیے  علی نے پچھلے ہفتے ایک حیرت انگیز طریقہ نکال ہی لیا۔علی نے چند سو ڈالر خرچ کر کے ایک صنعتی کرین کرائے پر لی اور اسے سٹیڈیم کے ساتھ ٹھہرا لیا۔ علی کرین کی باسکٹ میں بیٹھا اور آپریٹر کو کرین اٹھانے کا کہا۔ اس طرح علی میچ کے دوران اپنی پسندیدہ ٹیم کا میچ دیکھتا رہا، اُن کی حوصلہ افزائی کرتا رہا اور ٹیم کا سبز اور سیاہ جھنڈا لہراتا رہا۔

(جاری ہے)

علی کو کرین سے ٹیم کی حوصلہ افزائی کرتے دیکھ کر سٹیڈیم میں بیٹھے تماشائی سب کچھ چھوڑ کر علی کو دیکھنے لگے۔ اسی کے ساتھ اسے ترکی اور یورپ کے میڈیا کی طرف سے  بھی کافی توجہ ملی۔
بدقسمتی نے علی نے پولیس کی توجہ بھی اپنی جانب مبذول کرا لیا۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر آپریٹر سے کرین نیچے کرا لی۔ یہ واضح نہیں ہوسکا کہ پولیس نے علی کی اس حرکت پر اسے جرمانہ کیا ہے یا نہیں۔


یہ پہلی بار نہیں کہ علی نے کرین کی مدد سے براہ راست اپنی ٹیم کا میچ دیکھا ہو۔ اس سے پہلے فروری میں بھی علی نے کرائے پر کرین حاصل کی تھی لیکن پولیس نے آپریٹر سے کرین کو نیچے کرا لیا تھا۔ علی کا کہنا ہے کہ وہ  ہوائی غبارہ یا پیراگلائیڈر حاصل کرنے کی کوشش کر رہا ہے تاکہ اپنی پسندیدہ ٹیم کا میچ دیکھ سکے۔

Browse Latest Weird News in Urdu