لاکھوں بھنورے آسٹریلیا کے دور دراز کے ریڈیو ٹاور پر جمع ہونے لگے؛ وجہ کسی کو معلوم نہیں

Ameen Akbar امین اکبر بدھ 2 مئی 2018 20:11

لاکھوں بھنورے آسٹریلیا کے دور دراز کے ریڈیو ٹاور پر جمع ہونے لگے؛ وجہ کسی کو معلوم نہیں

جنوبی آسٹریلیا میں بر نامی پہاڑ کے قریب ایک ریڈیو ٹاور لاکھوں بھنوروں کے لیے پرکشش جگہ  بن گیا ہے۔ کوئی شخص نہیں جانتا کہ اس دور دراز کے ریڈیو ٹاور پر اتنی بڑی تعداد میں بھنوروں کے اکٹھا ہونے کی وجہ کیا ہے۔
جنگلی حیات کے ایک فوٹوگرافر سٹیو چیپل نے حال ہی میں اس جگہ کی غیر معمولی تصاویر اور ویڈیو  اپنے فیس بک پیج پر شیئر کی ہیں ۔ اے بی سی نیوز آسٹریلیا نے سٹیو سے رابطہ کیا تو  انہوں نے بتایا کہ سات سال پہلے اُن کے ایک دوست نے اس جگہ کے بارے میں بتایا تھا۔

اس وقت یہان ہزاروں بھنورے تھے۔وقت کے ساتھ ساتھ یہاں بھنوروں کی تعداد بڑھتی رہی اور اس وقت یہاں لاکھوں کروڑوں  بھنورے جمع ہوتے ہیں۔سٹیو نے بتایا کہ  بھنورے دن کی روشنی میں باہر نکل آتے ہیں اور اندھیرا ہوتے ہی زمین کے شگافوں، دراڑوں اور پائپوں میں  چھپ جاتے ہیں ۔

(جاری ہے)


ماہرین کے نزدیک دن کے وقت ان بھنوروں کے ٹاور پر جمع ہونے کی اصل وجہ بتانا فی الوقت بہت مشکل ہے۔

البتہ ایڈیلیڈ یونیورسٹی کے پروفیسر اینڈی آسٹن نے اس سلسلے میں دو آراء ظاہر کی ہیں:
اول یہ کہ تمام تر بھنورے  مادہ ساتھی تلاش کرنے کے لیے ایک جگہ پر اکٹھے ہوتے ہیں۔ دوسری ممکنہ وجہ یہ ہو سکتی ہے کہ بھنورے پرندوں کے حملے سے بچنے کے لیے ایک جگہ جمع ہوتے ہوں۔
پروفیسر آسٹن یہ جاننے میں دلچسپی رکھتے ہیں کہ آیا یہ ننھے کیڑے کسی قسم کی خوشبو کا اخراج کرتے ہیں۔

اگر ایسا ہے تو ممکن ہے یہ اپنے کسی شکاری سے بچنے کے اس خوشبو کو مزاحمت کے طور پر استعمال کرنے کے لیے جمع ہوتے ہوں۔
اس بارے میں اسٹیو چیپل کا کہنا تھا کہ اس نے لاکھوں بھنوروں کی موجودگی کے دوران کسی قسم کی بو محسوس نہیں کی لیکن  وہاں زمین پہ پھیلے لاکھوں مردہ بھنوروں سے بدبو آ رہی تھی۔
مسٹر چیپل گزشتہ چند سالوں سے اس جگہ کے بارے میں لوگوں کو بتاتے آ رہے ہیں۔ اب تک یہ جگہ سیاحوں کے لیے کشش کا باعث بن چکی ہے اور حال ہی میں اس کی میڈیا کوریج کی وجہ سے سیاحوں کی تعداد میں مزید اضافہ ہونے کی بھرپور توقع ہے۔

متعلقہ عنوان :

Browse Latest Weird News in Urdu