پیڈو میٹر سمارٹ فونز ایپس کو بے وقوف بنانے کے لیے چینی افراد نے نئے طریقے ایجاد کر لیے

Ameen Akbar امین اکبر جمعہ 4 مئی 2018 21:45

پیڈو میٹر سمارٹ فونز ایپس کو بے وقوف بنانے کے لیے چینی افراد نے نئے طریقے  ایجاد کر لیے

چین میں بہت سی ہیلتھ انشورنس کمپنیاں  ایسے افراد کو خصوصی رعایت دیتی ہیں جو موبائل ایپس سے ثابت کر دیں کہ  وہ ہرروز ورزش کرتے ہیں۔انشورنش کمپنیاں موبائل میں پیڈو میٹر(قدم پیما) ایپلی کیشن کی مدد سے دیکھتی ہیں کہ صارف ہر روز دس ہزار قدم پیدل چلتے ہیں یا نہیں۔
 اس سہو لت سے فائدہ اٹھانے کےلیے کچھ سستی کے مارے لوگوں نے نیا طریقہ ایجاد کر لیا ہے۔

اب وہ حقیقت میں چہل قدمی نہیں کرتے بلکہ موبائل کو ایک جھولا نما ڈیوائس میں رکھ دیتے ہیں۔ اس ڈیوائس میں موبائل مسلسل آگے پیچھے جھولتا رہتا ہےا ور ایپلی کیشن میں قدموں کی تعداد بڑھتی رہتی  ہے۔
صرف انشورنش کمپنیاں ہی نہیں بلکہ بہت سے سکولوں میں بھی طلباء کے لیے ہر روز پیدل چلنا لازمی ہے۔ پیدل چلنے کے ثبوت کے طور پر طلباء کو اپنے سمارٹ فونز  چیک کرانا ہوتے ہیں، جس میں موجود ایپ سے  طلباء کی چہل قدمی کا پتا چلتا ہے۔

(جاری ہے)

یہی وجہ ہے کہ  اب چین میں باقاعدہ موبائل فون کریڈل یا موبائل فون جھولے فروخت  ہو رہے ہیں۔ اب لوگ خود تو سو جاتے ہیں اور موبائل فون کو ”چہل قدمی“ پر لگا دیتے ہیں۔
پچھلے سال چینی سوشل میڈیا ایپ WeChat نے ایک سسٹم لاگو کیا تھا، جو پیڈو میٹر سے صارفین کی چہل قدمی کا حساب رکھتا تھا اور پھر کچھ بڑی کمپنیاں اس چہل قدمی کے مطابق فلاحی اداروں کو عطیات دیتی تھیں۔

اس طرح بڑی کمپنیاں معاشرے میں ورزش کی عادت کو فروغ بھی دے رہی تھی اور عطیات بھی دے رہی تھیں لیکن لوگوں نے فلاحی اداروں کو زیادہ سے زیادہ عطیات دلوانے کےلیے ان موبائل فون کریڈل کا جگاڑ استعمال کرنا شروع کر دیا۔
موبائل فون کریڈل کے علاوہ چینی صارفین پیڈومیٹر کو دھوکا دینےکے لیے کئی اور طریقے اپناتے ہیں۔ ایک یوٹیوب ویڈیو کے مطابق ایک صارف نے پیڈو میٹر کو دھوکا دینے کے لیے فون کو ڈرائر میں ڈال دیا۔

پیڈو میٹر کو دھوکا دینےکےلیے اسے گاڑی کے پہیے کے ساتھ باندھ کر  پہیہ بھی گھمایا جاتا ہے۔ ایک اور ویڈیو کے مطابق ایک لڑکی نے اپنے موبائل کے ساتھ ساتھ اپنے پرس میں 10 دوسرے ساتھیوں کے موبائل ڈالے اور دوڑنا شروع کردیا۔ اس طرح وہ اپنے ساتھ ساتھ اپنے ساتھیوں کے لیے بھی چہل قدمی کر رہی تھی۔

Browse Latest Weird News in Urdu