چینی میں قرضہ خوروں کو شرم دلانے کا انوکھا انداز؛ سینما اسکرین پر ان کے چہرے دکھانا شروع کر دئیے

Ameen Akbar امین اکبر بدھ 23 مئی 2018 23:44

چینی  میں قرضہ خوروں کو شرم دلانے کا انوکھا انداز؛ سینما اسکرین پر ان کے چہرے دکھانا شروع کر دئیے

قرض لے کر ہڑپ کرنے والوں یا   دیگر واجبات ادا نہ کرنے والوں  سے رقم نکلوانا کوئی آسان کام نہیں۔بنک اور دوسرے ادارے  اپنے نادہندگان سے رقم نکلوانے کے لیے ہر ممکن کوشش کرتے ہیں۔اگر کوششیں ناکام ہو جائیں تو پھر یہ ادارے بھی اپنے دل کی بھڑاس نکالنے کے لیے مختلف طریقوں سے نادہندگان کو ذلیل کرتے ہیں۔کچھ دن پہلے ہی روس سے خبر آئی تھی کہ وہاں   یوٹیلی کمپنی نے بل نہ دینے والوں کے گھر کے سامنے کئی ٹن   وزنی  لوہے کے  ہرم رکھنے شروع کر دئیے، جن پر انہیں قرض واپس نہ کرنے پر شرم دلائی گئی تھی۔

(تفصیلات اس صفحے پر) ۔
اب چین سے خبر آئی ہے کہ چین کے صوبہ سیچوان میں ہیجیانگ کاؤنٹی کے حکام نے قرض لے کر واپس نہ کرنے والے افراد کو ذلیل کرنا شروع کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

سینما اسکرین پر فلم شروع ہونے سے پہلے قرض خواہوں کے نام اور ان کے چہرے مختصر سی ویڈیو کی شکل میں بڑی اسکرین پر چلا دئیے جاتے ہیں  تاکہ قرض خواہ شرمندہ ہوکر جلد از جلد اپنے واجبات ادا کردیں۔


سینما اسکرین پر فلم کے آغاز سے پہلے قرض خواہوں کے چہرے، نام و دیگر تفصیلات پر مشتمل مختصر ویڈیو، جسے ریل آف شیم کا نام دیا ہے، دکھائی جاتی ہے۔اس ویڈیو میں کارٹون کردار عوام کو قرض خواہوں کے بارے  میں بتاتے ہیں۔ریل آف شیم میں ایک کارٹون کردار لوگوں سے کہتا ہے: "آؤ ان لاؤلائی لوگوں کو دیکھو!"
 لاؤلائی کی اصطلاح ان لوگوں کے لیے استعمال کی جاتی ہے جو قرض لینے کے بعد اسے وقت پر واپس نہیں کرتے۔

اس کے بعد سینما اسکرین پر قرض خواہوں کے نام ان کی تصاویر کے ساتھ دکھائے جاتے ہیں۔ اس طریقہ کار کو مزید موثر بنانے کے لیے ان سینما گھروں کا انتخاب کیا جاتا ہے جو قرض خواہوں کے رہائشی علاقے میں واقع ہوں۔
ہیجیانگ، عدالتی قوانین پر عمل درآمد کروانے والے ادارے کے ڈائریکٹر لی جیانگ نے بتایا کہ "لاؤلائی یعنی قرض واپس نہ کرنے والے افراد کو سزا دینے کے لیے انہیں عوامی سطح پر شرمندہ کرنا، ان کو بلیک لسٹ کرنا اور ان پر سفری پابندیاں لگانا اب ایک عام سی بات ہے۔

" ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ اس مقصد کے لیے اسی علاقے کے سینما گھروں کا انتخاب کرتے ہیں جہاں ان ڈھیٹ قرض خواہوں کے رجسٹرڈ مکانات واقع ہوتے ہیں۔
ریل آف شیم کی ایک حالیہ ویڈیو چینی سوشل میڈیا 'ویبو' پر بہت گردش کر رہی ہے۔اس ویڈیو میں ان 26 کاروباری افراد کی تصاویر سینما اسکرین پر چلتی نظر آ رہی ہیں جنہوں نے حکومت سے قرضہ لیا تھا لیکن حکومت کی طرف سے بارہا یاددہانی کے قرضہ واپس کرنے کی نیت نہیں رکھتے تھے۔


چین میں قرض لے کر واپس نہ کرنے والوں کو شرمندہ کرنے کے لیے مختلف حربے اختیار کیے جاتے ہیں۔ کچھ شہروں میں ایسے لوگوں کی تصاویر اور معلومات بڑے بڑے اشتہاری بورڈز پر آویزاں کی جاتی ہیں۔ جبکہ جیانگسو، ہینان اور سچوان صوبوں میں ٹیلی کام کمپنیوں کے تعاون سے ڈھیٹ قرض خواہ کو فون کرنے والے افراد کو پہلے قرض خواہ کے مقروض ہونے کے بارے میں بتایا جاتا ہے اس کے بعد ان کی کال مطلوبہ شخص سے ملائی جاتی ہے۔

Browse Latest Weird News in Urdu