لوگوں نے میئر کو ٹاؤن ہال میں بند کردیا؛ رہائی کے لیے تاوان کا مطالبہ

Ameen Akbar امین اکبر بدھ 23 مئی 2018 23:47

لوگوں نے میئر کو ٹاؤن ہال میں بند کردیا؛ رہائی کے لیے تاوان  کا مطالبہ

میکسیکو کے ایک قصبے میں جب میئر نے ان تمام وعدوں کو پورا نہیں کیا جو اس نے اپنی انتخابی مہم کے دوران عوام سے کیے تھے تو عوام نے تنگ آ کر اسے ٹاؤن ہال میں قید کر دیا اور تاوان کی ادائیگی پر رضامند ہونے تک اس کو آزاد نہ کرنے کا فیصلہ کیا۔
چیچیکیلا کے میئر الفانسو ہرنینڈیز مونٹیئل کی مدت ملازمت ختم ہونے میں پانچ ماہ باقی رہ گئے ہیں لیکن تاحال اس نے اپنی انتخابی مہم کے دوران کیے جانے والے وعدے پورے نہیں  کیے۔

مقامی لوگوں نے ، جو اس صورتحال سے بالکل مطمئن نہیں تھے، فیصلہ کیا کہ وہ ہاتھ پہ ہاتھ دھرے بیٹھ کر  میئر کی مدت ختم ہونے کا انتظار نہیں کر سکتے جبکہ وہ انہیں مزید کھوکھلے نعروں اور وعدوں پہ ٹرخانے کا ارادہ رکھتا ہو۔ چنانچہ اتوار کے روز  چیچیکیلا کی عوام نے سٹی ہال کے سامنے ایک بڑا احتجاج کیا جس میں ان کا موقف یہ تھا کہ میئر کو انتخابات سے پہلے کیے گئے اپنے تمام وعدوں کو پورا کرنا چاہیے جن میں ایک اہم پل کی تعمیر بھی شامل ہے۔

(جاری ہے)


یہ واضح نہیں ہو سکا کہ حالات اتنی شدت اختیار کیوں کر گئے لیکن ایک موقع پر احتجاج کرنے والے افراد وہاں موجود چند پولیس آفیسرز پر غالب آ گئے اور انہوں نے ٹاؤن ہال میں موجود میئر اور اس کے عملے کو یہ کہتے ہوئے اندر ہی بند کردیا کہ اب وہ مزید ان کی باتوں میں نہیں آئیں گے۔مقامی لوگوں نے میئر کی رہائی کے لیے اس سے 10 ملین پیسوز (506,000 ڈالر) بطور تاوان طلب کیے۔

یہ اتنی رقم ہے جو میئر کے وعدوں کے مطابق مختلف منصوبوں پر خرچ کی جانی چاہیے تھی۔
مقامی میڈیا کے مطابق کئی گھنٹے بات چیت کے بعد آخرکار الفانسو موقع پر ہی 3 ملین پیسوز (152,000 ڈالر) کی ادائیگی  کی ا ور ایک اور وعدہ بھی کہ وہ بقیہ رقم آنے والے دنوں میں ادا کر دے گا۔ گرچہ احتجاجی مظاہرین پہلے کہہ چکے تھے کہ اب وہ مزید اس کے وعدوں پہ یقین کرنے والے نہیں ہیں لیکن اس کے باوجود وہ اس کی بات پر راضی ہو گئے اور اسے ٹاؤن ہال سے باہر جانے کی اجازت دے دی۔


جنرل سیکرٹری آف گورنمنٹ نے میئر کی رہائی کے لیے کسی بھی قسم کی ادائیگی سے انکار کیا ہے۔ ان کے مطابق میئر کو رضاکارانہ طور پر آزاد کیا گیا تھا۔ ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ لوگوں کو اپنے منتخب کردہ میئر سے جوابدہی کا حق حاصل ہے۔
کہا رہا ہے کہ حکومت نے تاوان کی ادائیگی سے اس لیے انکار کیا کہ مقامی افراد کے خلاف میئر کو اغوا برائے تاوان یا حراست میں رکھنے پر قانونی کاروائی نہ کرنی پڑے۔
اسی طرح کا ایک واقعہ دو ماہ قبل   شمالی بولیویا میں پیش آیا جہاں ایک قصبے میں  لوگوں نے اپنے میئر کو ایک گھنٹے کے لیے لکڑی کے تختوں کے ساتھ  باندھ کے رکھا تھا تاکہ اسے بتا سکیں کہ وہ اس کی کارکردگی سے بالکل مطمئن نہیں ہیں۔

متعلقہ عنوان :

Browse Latest Weird News in Urdu