چین کے اسکول میں دوران تعلیم طلباء کی توجہ دیکھنے کے لیے چہرہ شناخت ٹیکنالوجی کا استعمال ہونے لگا

Ameen Akbar امین اکبر بدھ 30 مئی 2018 23:53

چین کے اسکول میں دوران تعلیم طلباء کی توجہ دیکھنے  کے لیے چہرہ شناخت ٹیکنالوجی کا استعمال ہونے لگا

حال ہی میں ہانگژو ، چین کے نمبر گیارہ مڈل اسکول میں چہرہ شناس(Facial Recognition) ٹیکنالوجی پر مشتمل   "سمارٹ کلاس روم بی ہیویئر منیجمنٹ سسٹم"( smart classroom behavior management system) انسٹال کیا گیا ہے۔ یہ سسٹم تین ہائی ٹیک کیمروں کے نظام پر مشتمل ہے۔ یہ کیمرے کلاس روم میں بلیک بورڈ کے اوپری حصے میں نصب کیے گئے ہیں جو مسلسل کلاس میں موجود طلباء کے چہرے کے تاثرات ریکارڈ کرکے مصنوعی ذہانت پر مبنی سافٹ ویئر میں تجزیے کے لیے بھیجتے ہیں۔

مصنوعی ذہانت کا یہ  سافٹ ویئر ڈیٹا کا تجزیہ کر کے پتہ چلاتا ہے کہ طلباء اپنی پڑھائی کی طرف متوجہ ہیں یا    ارد گرد  دیکھنے میں مصروف ہیں۔
چینی میڈیا کے مطابق مصنوعی ذہانت سے سات مختلف قسم کے  احساسات یا جذبات کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے جن میں فطری، خوشی، اداسی، ناامیدی، غصہ، خوف اور حیرت شامل ہیں۔

(جاری ہے)

یہ مصنوعی ذہانت جماعت میں  جیسے ہی کسی ایک یا زیادہ طلباء کو غیر متوجہ پائے گی تو فوراً استاد کو ایک نوٹیفکیشن بھیج دے گی تاکہ وہ اس کے خلاف کوئی ایکشن لے سکے۔

اس کے علاوہ ان نگران کیمروں کا نظام اساتذہ کی کارکردگی کا جائزہ لینے میں بھی معاون ثابت ہوگا۔یہ سسٹم طلباء کے لکھنے، پڑھنے یا سننے کو بھی پہچان سکتا ہے۔ اس کے علاوہ  یہ سسٹم طلباء کی حاضری لگانے کےلیے بھی بہترین ہے۔ یہ طلباء کو پہچان کر اُن کی حاضری  کا ریکارڈ رکھ سکتا ہے۔
گرچہ اس نظام کو صرف ہانگژو کے مذکورہ اسکول میں نصب کیا گیا ہے، تاہم مثبت نتائج اور کارکردگی کو دیکھ کر اسے پورے چین کے اسکولوں میں بھی انسٹال کیا جا سکتا ہے۔


مذکورہ اسکول کے ایک استاد کا کہنا تھا کہ اس نظام کا مقصد صرف دوران تعلیم طلباء کی توجہ کو پڑھائی پر مرکوز رکھنا ہے نیز یہ کہ طلباء ہائی ٹیک کیمروں کی کلاس میں موجودگی سے خوفزدہ ہوگئے ہیں کیونکہ اب ان کی ہر حرکت اور چہرے کا ہر تاثر کیمرہ کی نظر سے چھپا نہیں رہے گا۔ یہی وجہ ہے کہ ان میں سے کچھ طلباء نے پہلے ہی پڑھائی کے معاملے میں اپنا رویہ تبدیل کر لیا ہے۔
اس کا دوسرا پہلو یہ ہے کہ یہ نگران کیمرے طلباء کے لیے ذہنی دباؤ کا باعث بن سکتے ہیں جیسا کہ چینی سوشل میڈیا ویبو کے صارفین نے اس نظام پر تبصرے کرتے ہوئے کہا ہے۔ ایک صارف نے لکھا ہے، "اگر میں اس وقت اسکول میں ہوتا تو میری توجہ کسی چیز پر مرکوز نہ رہتی سوائے ایک نگران آنکھ کی طرف!

چین کے اسکول میں دوران تعلیم طلباء کی توجہ دیکھنے  کے لیے چہرہ شناخت ..

Browse Latest Weird News in Urdu