بوڑھے مسافر کو گندے جوتوں کے ساتھ بس میں سوار نہ کرنے پر بس ڈرائیور کو نوکری سے ہاتھ دھونا پڑے

Ameen Akbar امین اکبر جمعرات 7 جون 2018 23:52

بوڑھے مسافر کو گندے جوتوں کے ساتھ بس میں سوار نہ کرنے پر بس ڈرائیور کو نوکری سے  ہاتھ دھونا پڑے

چین کے صوبہ گوئیژومیں مقامی ٹرانسپورٹیشن اتھارٹی کے مطابق ایک بس ڈرائیور کو حال ہی میں  ایک بوڑھے مسافر کے ساتھ ناروا سلوک  کرنے پر نوکری سے نکال دیا گیا ہے۔ مذکورہ ڈرائیور نے ایک معمر شخص سے کہا کہ وہ بس میں گندے جوتے پہن کر سوار نہ ہو بلکہ پاؤں صاف کر کے اگلی گاڑی کا انتظار کرے۔
ڈیجیانگ کاؤنٹی کی ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ 2 جون کو  ڈو نامی  ڈرائیور بس چلا رہا تھا۔

اس نے ایک بوڑھے شخص سے کہا کہ وہ پہلے اپنے مٹی سے لتھڑے ہوئے جوتے صاف کرے اور پھر اگلی بس کے آنے کا انتظار کرے۔ اس پر بوڑھے شخص نے جوتے اتار کر ہاتھ میں پکڑ لیے۔
ایک مختصر سی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بس ڈرائیور ایک 60 سال سے زیادہ عمر کے بوڑھے  شخص سے جوتے صاف کرنے اور اگلی بس کا انتظار کرنے کو کہہ رہا ہے۔

(جاری ہے)

 
بہت سے لوگوں نے ویڈیو دیکھنے کے بعد بس ڈرائیور کی بے مروتی کو برا بھلا کہتے ہوئے  معمر شخص کے لیے ہمدردی محسوس کی۔

لیکن کچھ افراد نے ڈرائیور کے طرزِ عمل کا دفاع بھی کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈرائیور محض بس کو صاف رکھنے کا اپنا فرض نبھا رہا تھا۔
مذکورہ واقعہ کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد ڈرائیور نے ذاتی طور پر اس بوڑھے شخص سے معافی مانگی ہے۔ ڈرائیور کو نوکری سے نکالے جانے کی سزا ملی ہے اور دو سال کے لیے اس کے عوامی بسیں چلانے پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ 5 ہزار یوان کا جرمانہ ادا کرتے ہوئے بس کمپنی نے میڈیا پر عوام سے معذرت کی ہے اور اپنی سروس کا معیار بہتر بنانے کا وعدہ بھی کیا ہے۔

Browse Latest Weird News in Urdu