مکڑی سے ڈر کے خاتون نے کے ایف سی کو برگر آرڈر کر دیاتاکہ ڈیلیوری ڈرائیور آکر اسے مکڑی سے بچا سکے

Ameen Akbar امین اکبر پیر 11 جون 2018 23:50

مکڑی سے ڈر  کے خاتون نے کے ایف سی کو برگر آرڈر کر دیاتاکہ ڈیلیوری ڈرائیور آکر اسے مکڑی سے بچا سکے

بورن ماؤتھ یونیورسٹی میں کرمنالوجی کی 22 سالہ طالبہ ڈیمی سوینے سپائیڈر فوبیا (مکڑی کے خوف) میں مبتلا ہے۔ اپنے کمرے میں ایک بڑی جسامت کی مکڑی دیکھ کر اس نے کے ایف سی کو آرڈر  کر دیا تاکہ ڈرائیور آ کر اس کی مدد کر سکے۔
گزشتہ ہفتے ڈیمی سوینے جب صبح کے تقریباً 10 بجے سو کر اٹھی تو اس نے اپنے کمرے میں ایک بڑی جسامت کی مکڑی دیکھی۔ اس وقت وہ گھر میں تنہا تھی لہٰذا کسی کو مدد کے لیے نہ پکار سکی۔

اسے لگ رہا تھا جیسے وہ اپنے کمرے میں محبوس ہو گئی ہو اور اگر اس نے یہاں سے نکلنے کی کوشش کی تو وہ مکڑی اس کے اوپر آ گرے گی۔ اس نے مدد کے لیے اپنے گھروالوں اور دوستوں کو میسج کیے۔ان میں سے ایک نے اسے مشورہ دیا کہ وہ کسی چیز کا آرڈر کردے اور ڈیلیوری بوائے کے آنے پر اس سے مدد طلب کرے۔

(جاری ہے)

ڈیمی نے بعد میں بتایا کہ سب سے پہلے اس نے چیک کیا کہ آیا ڈیلیوری بوائے کو کسٹمرز کے گھر کے اندر آنے کی اجازت ہے یا نہیں۔

انہیں اندر آنے کی اجازت تھی لہٰذا اس نے کے ایف سی میں آرڈر نوٹ کروایا اور غلطی سے دو لوگوں کے لیے آرڈر کر دیا۔آرڈر کرتےہوئے اس نے آپریٹر سے درخواست کی کہ کیا وہ مکڑی کو ہٹانے میں مدد کر سکتے ہیں؟
20 منٹ بعد ہی اس کا فرائیڈ چکن کا آرڈر اس کے گھر کے باہر سیڑھیوں پر پہنچ چکا تھا۔ لیکن بدقسمتی سے جو ڈرائیور اس کا آرڈر گھر پہنچانے آیا وہ بھی مکڑیوں سے خوفزدہ تھا۔

ڈیمی نے اس سے مدد کی درخواست کی تو پہلے اس نے مکڑی کی جسامت کا پوچھا۔ اس کے بعد ڈیمی نے اسے کھڑے ہونے کے لیے کرسی اور مکڑی  پکڑنے کے لیے  ٹشو پیپر کا رول دیا۔ ڈرائیور نے مکڑی کو نیچے فرش پر گرایا پھر اسے پکڑ کر فلش میں بہا دیا۔ اس پر ڈیمی دو دن تک ٹوائلٹ استعمال کرتے ہوئے ڈرتی رہی ۔
ڈیمی کا کہنا تھا کہ اس نے کوئی پچاس دفعہ ڈرائیور کا شکریہ ادا کیا ہوگا جسے یہ صورتحال نہایت مضحکہ خیز معلوم  ہوئی تھی اور وہ ہنسے بغیر نہ رہ سکا۔ لیکن ڈیمی کے لیے وہ کسی حقیقی زندگی کے ہیرو سے کم ثابت نہیں ہوا۔

متعلقہ عنوان :

Browse Latest Weird News in Urdu