بھارتی شہری ہر روز ڈونلڈ ٹرمپ کی پوجا کرتا ہے۔ ڈونلڈ ٹرمپ کی پوجا کے لیے مندر بھی بنائے گا

Ameen Akbar امین اکبر جمعرات 28 جون 2018 23:23

بھارتی شہری ہر روز ڈونلڈ ٹرمپ کی پوجا کرتا ہے۔ ڈونلڈ ٹرمپ کی پوجا کے لیے مندر بھی بنائے گا

اس میں کوئی شک نہیں کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے بہت سے پرجوش حامی  انہیں اپنا  آئیڈیل سمجھتے ہیں لیکن آپ نے کسی ایسے شخص کے بارے میں نہیں سنا ہوگا جو انہیں  خدا کا درجہ دیتے ہوئے ان کی عبادت کرنا شروع کر دے۔ لیکن اب آپ جان لیجیے کہ بھارت میں ایک ایسا شخص بھی موجود ہے جو گزشتہ تین برسوں سے ڈونلڈ ٹرمپ کی پوجا کر  رہاہے۔ وہ ٹرمپ کا صرف  حامی  ہی نہیں ہے بلکہ انہیں  اپنے بھگوان کا درجہ دے چکا ہے۔


بھارتی ریاست تلنگانہ کے  دور دراز گاؤں کونے میں 31 سالہ کسان بوسا کرشنا دن میں کئی مرتبہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تصویر سامنے رکھ کر اس کی عبادت کرتے ہوئے دعا مانگتا ہے۔ وہ ان کی تصویر پر چڑھاوے چڑھاتا ہےاور پورا دن  تصویر کو ساتھ لیے گھومتا ہے جو ڈونلڈ ٹرمپ سے اس کی غیر معمولی عقیدت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

(جاری ہے)

کرشنا کا کہنا ہے کہ اس کے خاندان کے افراد اور دوست احباب اسے پاگل قرار دیتے ہیں کہ وہ ڈونلڈ ٹرمپ کی بالکل اپنے ہندو خداؤں کی طرح پوجا کرتا ہے۔

کرشنا ان کی بات سے دل برداشتہ نہیں ہوتا بلکہ اس کے جذبوں کو مزید تقویت ملتی ہے اور اب وہ امریکی صدر کی چاہت میں اس کے لیے ایک مندر بنانے کا ارادہ رکھتا ہے۔
یہ بات واضح نہیں ہو پائی کہ حقیقتاً بھارتی کسان نے کس وقت سے ٹرمپ کی پوجا کا آغاز کیا۔ نائن نیوز کا دعویٰ ہے کہ وہ تین سالوں سے ایسا کر رہا ہے۔ ہندوستان ٹائمز کے مطابق گزشتہ سال فروری میں  جب ایک امریکی نیوی اہلکار نے  نفرت اور تعصب کے  واقعے میں تلگانہ کے سافٹ وئیر انجینئر کو قتل کیا تو کرشنا نے ڈونلڈ ٹرمپ کی پوجا شروع کر دی۔

اس کا کہنا تھا، "مجھے اس واقعہ پر شدید دکھ ہوا ہے۔میں نے سوچا ہے کہ امریکی صدر کو بھارتیوں کی محبت کا  احساس دلایا جائے۔ یہی وجہ ہے کہ میں نے ڈونلڈ ٹرمپ کی پوجا کا آغاز اس امید پر کیا ہے کہ کسی دن میری دعائیں ان تک ضرور پہنچیں گی۔"
اس نے مزید کہا، "مجھے یقین ہے کہ بھارتی اپنی روحانی طاقتوں سے کسی کا بھی دل جیت سکتے ہیں۔جب آپ کسی طاقتور شخص پر براہ راست اثرانداز نہیں ہو سکتے تو آپ محبت اور عبادت سے اس پر غالب آ سکتے ہیں جو کہ میں کر رہا ہوں۔

"
اس سے صاف واضح ہے کہ وہ ڈونلڈ ٹرمپ کی پوجا ایک باقاعدہ اور خاص مقصد کے تحت کر رہا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کو بھارتی افراد کی محبت کا اندازہ ہو جائے۔
اب اس میں حیرت کی کوئی بات نہیں کہ اس کے گاؤں کے لوگ اسے اس معاملے کی وجہ سے پاگل قرار دیتے ہیں۔ نہ صرف گاؤں کے لوگ بلکہ اس کے اپنے والدین بھی اس کے طرز عمل سے عاجز آ چکے ہیں اور انہوں نے اس کے ساتھ رہنے کے بجائے کسی رشتہ دار کے ہاں رہنے کو ترجیح دی ہے۔

کرشنا کے مطابق اس نے اپنے والدین سے بھی کہہ دیا تھا کہ اسے کسی کوئی ضرورت نہیں ہے، وہ جہاں چاہیں جا سکتے ہیں کیونکہ وہ ٹرمپ کو بھگوان سمجھتا ہے اور اسے لوگوں کی باتوں کی کوئی پرواہ نہیں ہے۔
مقامی افراد اسے کسی سائیکالوجسٹ کے پاس جانے کا مشورہ بھی دیتے ہیں لیکن  کرشنا پر ان سب باتوں کا کوئی اثر نہیں ہوتا۔وہ اکثر وبیشتر یہ الفاظ کہتا ہوا نظر آتا ہے، "ٹرمپ میرا بھگوان ہے، وہ میرے دل میں ہے۔

میں اسے بہت زیادہ پسند کرتا ہوں۔ اس لیے میں اس کی عبادت کرتا ہوں"۔ حیرت انگیز بات یہ ہے کہ کرشنا کو سکول سے نکال دیا گیا تھا، اس لیے وہ ٹرمپ کی پالیسیوں کے بارے میں زیادہ نہیں جانتا۔ہاں وہ جانتا ہے کہ  ٹرمپ ڈبلیو ڈبلیو ای  ریسلنگ میں آیا تھا، اس لیے وہ مضبوط ہے۔کرشنا کے نزدیک ٹرمپ کو طاقتور ہی ہونا چاہیے۔
تیلنگانہ کے اس کسان نے فیس بک پہ ایک پیج بھی بنا لیا ہے جس پر وہ اپنے دن بھر کی ٹرمپ پوجا پر مشتمل تصاویر پوسٹ کرتا ہے۔

حیرت انگیز طور پر اس کے پیج کو بہت سراہا جاتا ہے اور کمنٹس میں اس کی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے۔ اس کا کہنا ہے کہ 19 جون کو اسے اس کے پسندیدہ بھگوان یعنی ٹرمپ کی طرف سے ایک پیغام بھی موصول ہوا تھا ، جس میں ٹرمپ نے کرشنا کی تعریف کرتے ہوئے ،ا سے اپنا دوست اور پسندیدہ بھارتی قرار دیا۔
گرچہ اس پیغام کی صداقت مشتبہ ہے کہ آیا واقعی ٹرمپ نے اسے پیغام بھیجا یا نہیں لیکن کرشنا کا ماننا ہے کہ ایسا ہوا ہے اور امریکی صدر جب کبھی بھارت آیا تو وہ اسے ضرور شناخت کرے گا۔

بھارتی شہری ہر روز ڈونلڈ ٹرمپ کی پوجا کرتا ہے۔ ڈونلڈ ٹرمپ کی پوجا کے ..

Browse Latest Weird News in Urdu