اسرائیل ہمارے ملک کے بادل اور برف چرا رہا ہے۔ ایرانی جنرل کا الزام

Ameen Akbar امین اکبر منگل 3 جولائی 2018 23:06

اسرائیل ہمارے ملک کے بادل اور برف چرا رہا ہے۔ ایرانی جنرل کا الزام

ایران کی شہری دفاع تنظیم کے سربراہ برگیڈئیر جنرل غلام رضا جلالی نے پریس کو بتایا کہ اسرائیل نہ صرف ایران کے بادل چرا رہا ہے بلکہ ایسا بندوبست کر رہا ہے ، جس سے ایرانی حدود میں موجود بادل بارش نہیں برساتے۔
ایرانی جنرل غلام رضا جیلانی کا کہنا تھا کہ اُن کے ملک میں جاری طویل خشک سالی  بیرونی مداخلت کی وجہ سے ہے۔ انہوں نے اسرائیل اور ایک دوسرے ملک کا اس کا ذمہ دار ٹھہرایا۔


انہوں نے اپنی بات میں وزن پیدا کرنے کے لیے اُن تمام سروے کا حوالہ دیا ، جن میں بتایا گیا کہ   افغانستان سے بحیرہ احمر تک کے  2200 میٹر سے اونچے پہاڑ برف سے ڈھکے پڑے ہیں لیکن ایران کے پہاڑوں پر برف نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ ایران میں موسم کی تبدیلی مشکوک ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیل  اور ایک دوسرا ملک مشترکہ طور پر کام کررہے ہیں، جس کی وجہ سے ایران میں داخل ہونے والے بادل بارش نہیں برساتے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ  ہمیں بادل اور برف کی چوری جیسے مسائل کا سامنا ہے۔
جنرل جلالی کے بیان پر ایران  کی اپنی  موسمیاتی سروس نے تسلیم کیا ہے کہ بادلوں اور برف کا چرایا جانا ناممکن ہے۔ایران کی موسمیاتی سروس کے سربراہ ، احد وظائف، کا کہنا  تھا کہ ہو سکتا ہے جنرل جلالی کے پاس جو کاغذات ہوں، میں اُن سے لاعلم ہوں۔ انہوں نے کہا کہ خشک سالی ساری دنیا کا مسئلہ ہے، اس سے صرف ایران ہی متاثر نہیں۔

اُنہوں نے کہا کہ  موسمیاتی علم کے مطابق کسی ملک کے بادل اور برف چرانا ممکن نہیں ہے۔
اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق یہ پہلی بار نہیں جب ایرانی حکام نے اس طرح کا الزام لگایاہو۔ سات سال پہلے سابق صدر محمود احمدی‌نژاد نے یورپی ممالک پر الزام لگایا تھا کہ وہ خصوصی آلات سے بادلوں کو اپنے براعظم میں برسا لیتے ہیں۔

اسرائیل ہمارے ملک کے بادل اور برف چرا رہا ہے۔ ایرانی جنرل کا الزام

Browse Latest Weird News in Urdu