گھانا کے پیشہ ور سوگوار بھاری معاوضہ لے کر اجنبی لوگوں کے جنازوں پر رونے لگے

Ameen Akbar امین اکبر جمعہ 6 جولائی 2018 23:52

گھانا کے پیشہ ور سوگوار  بھاری معاوضہ لے کر اجنبی لوگوں کے جنازوں پر رونے لگے

کچھ لوگوں کے لیے اپنے پیاروں کی وفات پر بھی رونا بہت مشکل ثابت ہوتا ہے لیکن افریقہ کے شہر گھانا میں ایسے مواقع پر رونا پیٹنا، نوحہ گری  یا ماتم کرنا آخری رسومات کا بڑا اہم حصہ ہوتا ہے کیونکہ اسی طرح آپ بتا سکتے ہیں کہ مرنے والا شخص آپ کو کتنا عزیز تھا یا اس نے اپنے خاندان اور ملنے جلنے والوں کے ساتھ کیسا وقت گزارا۔ اس لیے وہاں کے لوگوں کا تدفین پر پیشہ ور سوگوار خواتین کا بلانا ہرگز حیرت کا باعث نہیں  ہونا چاہیے۔


 گھانا میں پیشہ ورانہ سوگواروں کے  بہت سے گروہوں میں سے ایک کی سربراہ ایمی ڈوکلی ہے۔ بی بی سی افریقہ کو دیے گئے ایک حالیہ انٹرویو میں ڈوکلی نے بتایا کہ کچھ لوگ اپنے عزیزوں کی تدفین پر رو نہیں سکتے۔ اس لیے وہ اسے اور اس کی ٹیم کو بلاتے ہیں تاکہ وہ ان کی جگہ رونے دھونے کا فریضہ سر انجام دے سکیں۔

(جاری ہے)


ڈوکلی اور اس کی ٹیم میں موجود دیگر تمام خواتین  بیوہ  ہیں۔

اپنے اپنے خاوند کی وفات کے بعد ان سب نے اکٹھے ہو کر دوسروں کے پیاروں کی وفات پر انہیں مناسب طریقے سے دوسری دنیا میں الوداع کرنے کا فیصلہ کیا۔
اپنے دکھ پہ رونا آسان کام ہے لیکن اس دنیا میں اجنبی لوگوں کی خاطر رونا ذرا بھی آسان کام نہیں ہے۔ اس لیے یہ پیشہ ورانہ سوگوار اپنی خدمات کے بدلے معاوضہ طلب کرتے ہیں۔ تعزیتی تقریب جتنی بڑی ہوگی، معاوضہ بھی اتنا ہی زیادہ لیا جائے گا۔

بڑی تقریب کی صورت میں ان کے بہائے گئے آنسوؤں کی قیمت بڑھ جاتی ہے۔
افریقہ کے اس ملک میں لوگ شادی کے موقع کی نسبت تعزیتی تقریب پر زیادہ رقم خرچ کرتے ہیں ۔ آخری رسومات سرانجام دینے والے  ایک پیشہ ور شخص  نے بتایا کہ ایک عام تعزیتی تقریب پر پندرہ ہزار سے بیس ہزار ڈالر کے درمیان لاگت آتی ہے اور اس میں جتنے زیادہ سوگوار اکٹھے کیے جا سکیں،کیے جاتے ہیں۔


سب سے دلچسپ بات یہ ہے ان پیشہ ورانہ سوگوار افراد میں سے کچھ اپنا معاوضہ رونے کے انداز کے لحاظ سے لیتے ہیں۔”گاہک“جس انداز میں انہیں رونے کا کہتے ہیں وہ اسی طرح ماتم کرتے ہوئے روتے ہیں۔ کچھ سسکیاں اور آنسو بہانے کا کہتے ہیں تو کچھ چیخ چیخ کر رونے کی فرمائش کرتے ہیں۔ حسب فرمائش کچھ رونے والے زمین  پر لیٹ کر روتے ہیں تو کچھ ”غم  کی شدت“ سے الٹیاں کر دیتے ہیں۔


بعض لوگ تو ان پیشہ ور سوگواروں کی کارکردگی سے اتنا زیادہ خوش ہوتے ہیں کہ اپنی زندگی میں اچھا رونے والوں کی بکنگ کرنے کی وصیت کر دیتے ہیں۔ آخری رسومات میں پیشہ ور سوگواروں کو بلانے کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ  پیشہ ور سوگواران جتنا زیادہ اچھا روتے ہیں لوگ ہمدردی میں اصل سوگوار خاندان کو اتنے ہی زیادہ پیسے دیتے ۔

متعلقہ عنوان :

Browse Latest Weird News in Urdu