ویڈنگ پلانر کا امتحان دینے والی خاتون کی شادی دھوکے سے اجنبی شخص کے ساتھ کرا دی گئی

Ameen Akbar امین اکبر جمعرات 30 اگست 2018 23:35

ویڈنگ پلانر کا امتحان دینے والی خاتون کی شادی دھوکے سے اجنبی شخص کے ساتھ کرا دی گئی

ہانگ  کانگ سے تعلق رکھنے والی 21 سالہ عورت نے ویڈنگ پلانر کی ملازمت کے لیے جعلی شادی کا ٹسٹ دیا ، جس کے بعد اسے معلوم ہوا کہ اس کی شادی حقیقت میں  چین کے ایک اجنبی شخص  سے ہو چکی ہے۔
اس عورت، جس نے گمنام رہنے کی خواہش اظہار کیا ہے، نے حکام کو بتایا کہ اس کی مصیبت کا آغاز اس سال مئی کے مہینے میں ہوا۔ اس نے سوشل میڈیا پر  ایک اشتہار دیکھا، جس میں  میک اپ آرٹسٹ کا کورس کرانے کے ساتھ ساتھ ماہانہ 14000 ہانگ کانگ ڈالر یا 1800 امریکی ڈالر تنخواہ کا وعدہ کیا گیا۔

اس ملازمت کے لیے کسی تجربے کی بھی ضرورت نہیں تھی۔ بہت سے لوگوں کا خیال ہوتا ہے کہ ایسی ملازمت اگر حقیقت ہو تو بہترین ہوتی ہے۔ لیکن اس عورت نے اس اشتہار کو نہ صرف حقیقت سمجھا بلکہ فوراً ہی وہاں اپلائی بھی کردیا۔

(جاری ہے)

اپلائی کرنے کے بعد اس عورت کو بتایا کہ میک اپ آرٹسٹ کی بجائے ویڈنگ پلانر کی ٹریننگ حاصل کرے، جس کی تنخواہ بھی ساتھ میں کمیشن ہونے کی وجہ سے زیادہ ہوتی ہے۔

اس کے بعد اس عورت کو ہانگ کانگ میں ویڈنگ پلاننگ کا مفت ڈپلومہ کرایا گیا۔ پھر اس عورت کو بتایا گیا کہ اپنا ڈپلومہ لینے کے لیے اسے    چین کے صوبے فوجان کے شہر فوژو جانا پڑے گا اور وہاں آخری امتحان  دینا ہوگا۔ آخری امتحان میں شادی کی نقل کرنا بھی شامل تھا۔
یہ عورت نقلی شادی کے حوالے سے شکوک میں پڑ گئی تھی لیکن جب اسے ”نقلی دولہا“ کے ساتھ ایک گورنمنٹ آفس لے جایا گیا تو اس نے ایک سرکاری نظر آنے والے کاغذ پر دستخط کر دئیے۔

اس کے ساتھ موجود لوگوں نے اسے بتایا کہ میرج رجسٹرار ان کا واقف ہے، وہ ابھی سرٹیفیکیٹ کینسل کرا دیں گے، اسی وجہ سے اس عورت کے شکوک بھی ختم ہوگئے۔ اس کے بعد یہ عورت ہانگ کانگ واپس آ گئی اور اپنی ایک دوست کو عجیب و غریب ٹسٹ کے بارے میں بتایا ۔ تب دوست نے اسے احساس دلایا کہ اس کے ساتھ دھوکا ہواہے۔ اس عورت کی ملازمت بھی ختم ہو گئی، کیونکہ شادی کے سرٹیفیکیٹ پر دستخط کرتے ہی تمام لوگ غائب ہوگئے۔

یہ عورت اب بھی شادی شدہ ہے۔ جلد ہی وہ طلاق کے لیے مقدمہ کرے گی لیکن یہ معلوم نہیں کہ اس کی شادی کس کے ساتھ ہوئی ہے۔
چین کے رہائشیوں کے ہانگ کانگ میں رہائش رکھنے پر پابندی ہے۔ مین لینڈ چین کے رہائشیوں کے ہانگ کانگ میں رہائش کی ایک ہی صورت ہے کہ ان کی شادی ہانگ کانگ کی کسی لڑکی سے ہو جائے۔ چین میں ہر روز اس طرح کے 150 پرمٹ جاری کیے جاتے ہیں۔

Browse Latest Weird News in Urdu