شریف شہری نے مصیبت میں پھنسے جس ڈرائیور کی مدد کی وہ اسے قتل کرنے کےلیے آنے والا پیشہ ور قاتل نکلا

Ameen Akbar امین اکبر اتوار 16 ستمبر 2018 23:58

شریف شہری نے  مصیبت میں پھنسے جس ڈرائیور کی مدد کی وہ اسے قتل کرنے کےلیے آنے والا پیشہ ور قاتل نکلا

ایک اچھے شہری  نے  مصیبت میں پھنسے کار ڈرائیور کی مدد کی تو  مصیبت میں پھنسے اس ڈرائیور نے شہری کو قتل کر دیا۔ کچھ لوگوں نے  اس ڈرائیور کو، جو پیشہ ور قاتل تھا، شہری کو قتل کرنے کا ہدف دیا تھا۔اس قتل کے پیچھے تمام افراد  انصاف کے کٹہرے میں پہنچ چکے ہیں۔
فلوریڈا کی وولوشا کاؤنٹی کے شیرف مائیک چٹوڈ نے بتایا کہ 6 ستمبر کو کو 60 سالہ کارلوس کروز کے قتل سے تعلق پر 3 افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔

کارلوس کو 11 نومبر 2017 کو ان کے گھر کے پاس سر میں گولیاں مار کر قتل کیا گیا تھا۔ کارلوس ایک سابق فوجی تھے۔ انہیں سڑک پر جھگڑے کے ایک مقدمے میں  بیان دینے سے روکنے کے لیے قتل کیا گیا۔
کارلوس کے جھگڑے کا آغاز 1 مئی 2017 کو ہوا تھا۔ ڈیلٹونا، فلوریڈا کے انٹرسیکشن کے سبز اشارے پر کارلوس کی گاڑی اگلی گاڑی سے ٹکرا گئی تھی۔

(جاری ہے)

اس سے اگلے اشارے پر دوسری کار سے کیلسے ٹیرانس میکفولے نے کارلوس پر بندوق تان لی اور پوچھا کہ کیا مسئلہ ہے؟ کارلوس نے کیلسے کی گاڑی کا نمبر نوٹ کیا، جس کے بعد 1 جون کو کیلسے کو گرفتار کر لیا گیا۔

اس پر جارحانہ برتاؤ، غیر قانونی ہتھیار رکھنے کے الزامات عائد کیے گئے۔ کیلسے اس سے پہلے بھی درجن بھر جرائم کر چکا تھا۔ اگر سڑک پر جھگڑے کے اس مقدمے میں اس کا جرم ثابت ہو جاتا تو اسے لمبی جیل ہوتی۔ لمبی جیل سے بچنے کے لیے اس نے ایک منصوبہ بنایا۔ کیلسے کو عدالتی کاغذات سے کارلوس کے گھر کا پتا مل گیا۔ اس نے ایک قاتل بنجیمن باسکوس کی خدمات حآصل کرلیں۔


بنجیمن 11 نومبر کو کارلوس کو قتل کرنے گیا لیکن کارلوس اپنے گھر پر نہیں تھا۔ بنجیمن علاقے میں گھومتا کارلوس کا انتظار کرتا رہا۔ اسی دوران اس کی گاڑی حادثاتی طور پر کہیں ٹکرا گئی۔ ایسے میں کارلوس نے آکر بنجیمن کی مدد کی اور اسے گاڑی میں سے نکالا ۔ اسی دوران جب کارلوس، بنجیمن کی حادثے کی شکار کار کو دیکھ رہا تھا، بنجیمن نے اس پر گولیاں چلا کر اسے جان سے مار دیا۔


یہ کیس کئی ماہ تک حل نہیں ہوا۔ آخر کار چوری کی گاڑی میں سے بنجیمن کا ڈی این اے مل گیا۔ بنجیمن نے اس گاڑی کو کئی میل دور لے جا کر جلا دیا تھا۔ فون کے ریکارڈ سے بھی پتا چلا کہ کیلسے نے بنجیمن سے فون پر بات کر کے اسے قتل کے متعلق ہدایات دی ہیں۔
پولیس نے بنجیمن، کیلسے اور اس کی دوست میلیسا کو قتل کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے۔

Browse Latest Weird News in Urdu