بغیر سیکھے انگریزی بولنے والا ویتنامی بچہ

Ameen Akbar امین اکبر پیر 24 ستمبر 2018 23:53

بغیر سیکھے انگریزی بولنے والا ویتنامی بچہ

لی  نیوین باؤ ترنگ عرف بن5 سالہ ویتنامی بچہ ہے۔ بن نے اپنی زندگی میں پہلا لفظ انگریزی زبان میں بولا تھا، حیرت انگیز طور پر بن نے اس سے پہلے کسی سے بھی انگریزی کا کوئی لفظ نہیں سنا تھا۔ آج بن  انگریزی زبان کو پڑھ اور بول سکتا ہے اور اپنی ماں سے بول چال کے لیے  ویتنامی زبان سیکھ رہا ہے۔
ویتنام کے  صوبے ہاتنہ کے گاؤں ڈونگ وان میں پیدا ہونے والے بن نے  پہلا لفظ دو سال کی عمر میں بولا تھا ۔

ہو سکتا ہے اس سے پہلے بھی بولا ہو لیکن کسی نے اس  پر توجہ نہیں دی۔ بن کی ماں تھی لین نے یاد کرتے ہوئے بتایا کہ بن کیلنڈر  کی طرف انگلی کر کے ”الیون“  کہہ رہا تھا۔ تھی لین انگریزی نہیں سمجھ سکتی ، اس لیے وہ بن کے الفاظ کو بڑبراہٹ یا غوں غوں سمجھی  لیکن بن الیون الیون کرتا رہا۔

(جاری ہے)

تھی لین نے اپنی بڑی بیٹی سے پوچھا تو اس نے بتایا کہ  بن انگریزی میں 11 کہہ رہا ہے۔

تھی لین جب کیلنڈر کی طرف گئی تو دیکھا اس دن مہینے کی 11 تاریخ تھی۔ یہ تو بن کی غیر معمولی کہانی کا آغاز تھا۔تھی لین نے ویتنامی رپورٹروں کو بتایا کہ  وہ بن کی زبان سے انگریزی میں 11 سن کر بہت خوش ہوئی، وہ کیلنڈر لے کر آئی تو بن نے 1 سے 30 تک اعداد کو شناخت کیا اور انگریزی میں دوہرایا۔ اس کے بعد تھی لین بازار سے اپنے بیٹے کے لیے انگریزی حروف تہجی، رنگین کتابیں اور مشقی کتابیں لے آئی۔

اب 5 سال کی عمر میں بن انگریزی کے تمام الفاظ پڑھ سکتا ہے لیکن گھر والوں سے بات کرنے کے لیے ویتنامی سیکھ رہا ہے۔تھی لین نے میڈیا کو بتایا کہ اس کا بیٹا ویتنامی نہیں جانتاتھا اور وہ انگریزی نہیں  جانتی تھی، اس لیے شروع میں اپنے بیٹے سے اشاروں میں بات کرتی تھی۔اس کے بعد تھی لین نے بھی انٹرنیٹ پر  انگریزی سیکھنی شروع کر دی۔
کنڈرگارٹن  بن کے لیے  کافی ”تکلیف دہ“ تجربہ رہا۔

وہ ہر روز گھر آ کر شکایت کرتا کہ  انگریزی کلاس کے دوران استانی غلط انگریزی بولتی ہے۔یہ دیکھ کر بن کی ماں اسے فارن لینگوئج سنٹر لے گئی ۔ انہوں نے بن کا ٹسٹ لینے کے بعد کہا کہ  بن  کی صلاحیتیں  بہت ایڈوانس ہے، اسے کسی بڑے شہر کے انگریزی سکول میں داخل کرایا جائے۔ اب  وہ اسے ہو چی منہ شہر کے ایک سکول لے آئی، سکول میں بن  سے 49 سوالات پوچھے گئے۔

بن نے ان تمام سوالات کا درست جواب دیا۔ اس پر سکول نے بن کو داخلہ تو دیا لیکن   سکول کی  ماہانہ فیس  70 لاکھ  ویتنامی ڈونگ یا 300 ڈالر تھی، جو تھی لین  کے بس سے باہر تھی۔
خوش قسمتی سے بن اب ویتنامی بھی سیکھ رہا ہے، اس لیے اپنی ماں سے  کافی حد تک بات چیت کر لیتا ہے۔یہ پہلی بار نہیں جب کسی بچے نے بغیر سیکھے انگریزی بولی ہو۔ جون میں شمالی اسرائیل کے ایک بچے محمود اونیل کی  بھی بغیر سیکھے انگریزی بولنے کی خبریں آئی تھیں (تفصیلات اس صفحے پر)
 

Browse Latest Weird News in Urdu