کمر کی تصویر سے عورت کی تلاش کرنے والے کو 1 کروڑ 80 لاکھ روپے انعام میں دینے والے نودولتیے کو عورت کا انوکھا جواب

Ameen Akbar امین اکبر اتوار 7 اکتوبر 2018 23:48

کمر کی تصویر سے عورت کی تلاش کرنے والے کو 1  کروڑ 80 لاکھ روپے انعام میں دینے والے نودولتیے کو عورت کا انوکھا جواب

چین کے صوبہ ہونان سے تعلق رکھنے والے ایک 24 سالہ نودولتیے کو اس وقت منہ کی کھانی پڑی جب اس نے ایک عورت کی کمر کی تصویر کی مدد سے تلاش میں مدد دینے والے کو 10 لاکھ یوان (145,584 ڈالر) دینے کی پیش کش کی۔
25 ستمبر کو وسطی چین کے صوبے ہوبئی کے شہر ووہان میں شاپنگ مالز اور عمارتوں کے باہرسکرینوں پر ایک عورت کی تلاش کا اشتہار دیا گیا۔
زینگ نامی ایک شخص نے اشتہار میں ایک عورت کی کمر کی تصویر لگائی ہوئی تھی۔

  زینگ کا دعویٰ تھا کہ جو کوئی اس عورت کو تلاش کرنے میں مدد دے گا یا یہ عورت خود اس سے رابطہ کرے گی تو اسے 1 ملین یوان انعام دے گا۔ عورت کی تلاش کے اشتہار میں زینگ نے اپنی لگژری کار اور دولت کے سرٹیفیکیٹس بھی ظاہر کیے اور عورت سے درخواست کی کہ اس سے شادی کر لے۔
زینگ ووہان میں گریجویشن کے بعد سے کام کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

اب اس کی وہاں پر اپنی کمپنی، پانچ اپارٹمنٹس اور لگژری کار ہے۔

زینگ اس اشتہاری مہم پر ڈیڑھ لاکھ یوان خرچ کر چکا ہے۔
23 ستمبر کو زینگ ایک میٹنگ میں جا رہا تھا کہ اس نے ایک پرکشش عورت کی کمر دیکھی۔ جس کی تلاش کے لیے اس نے شہر میں اشتہار لگا دئیے۔
زینگ کے اشتہار کے دو دن بعد علاقے میں بالکل ایسا ہی ایک اور اشتہار نظر آیا۔ اس میں وہی عورت دکھائی گئی تھی جس کی زینگ کو تلاش تھی۔ یہ عورت ایک لگژری کار میں بیٹھی تھی اور اشتہار کے ساتھ 10 جائیدادوں کے سرٹیفیکیٹس تھے۔

  اشتہار میں اس عورت نے زینگ کو مشورہ دیا تھا کہ وہ ایک ملین یوان فلاحی کاموں پر خرچ کرے۔ عورت کا دعویٰ تھا کہ وہ اچھا خاصا کمانے والی انٹرنیٹ کی مشہور شخصیت ہے، اسی لیے اس نے زینگ کو اس کے انداز میں جواب دینے کا فیصلہ کیا۔
انٹرنیٹ پر بہت سے صارفین نے جہاں عورت کی کافی تعریف کی ہے، وہیں بہت سے افراد نے اس ساری کہانی کو پہلے سے تیار منصؤبہ قرار دیا۔

Browse Latest Weird News in Urdu