بیٹے کو فراری میں سکول چھوڑنے پر باپ کا معاشرتی بائیکاٹ

Ameen Akbar امین اکبر جمعہ 12 اکتوبر 2018 23:55

بیٹے کو فراری میں سکول چھوڑنے پر باپ کا معاشرتی بائیکاٹ

ایک چینی شخص کو بیٹے کو قیمتی فراری 488 سپورٹس کار میں سکول چھوڑنے پر والدین کے WeChat گروپ سے نکال دیا گیا ہے۔
لی کا تعلق ہانگزو، چین سے ہے۔ وہ ایک پراپرٹی ڈویلپمنٹ کمپنی میں سینئر ایگزیکٹیو ہیں اور اکثر اپنے بیٹے کو اپنی فراری میں سکول چھوڑتے ہیں۔ یہ بات کلاس کے دوسرے بچوں کے والدین کو پسند نہیں آئی۔ بچے کی استانی نے لی کو بتایا کہ دوسرے بچوں کے والدین نے اس حوالے سے باقاعدہ شکایت بھی کی ہے۔


بظاہر ایسا لگتا ہے کہ کچھ والدین کو اس طرز عمل سے کلاس کے بچوں کے درمیان دولت کی بنیاد پر تقابل کا سلسلہ بڑھ جائے کا خدشہ ہے۔ لی نے اپنے بیٹے کو فراری پر سکول چھوڑنے کا سلسلہ ختم نہیں کیا تو والدین نے ان کا معاشرتی بائیکاٹ شروع کر دیا حتیٰ کہ انہیں والدین کے WeChat گروپ سے بھی باہر نکال دیا۔

(جاری ہے)


چیٹ ریکارڈ کے مطابق والدین میں سے ایک کا کہنا تھا کہ آپ چاہے کتنے ہی امیر کیوں نہ ہو، آپ کو اس کی نمائش نہیں کرنی چاہیے۔

ایک اور شخص نے تبصرہ کیا کہ اگر بات صرف بچے کو سکول چھوڑنے کی ہے تو لی کو ایک عام کار لینی چاہیے، اس کے پاس دولت کی کمی تو نہیں ہے۔
لی نے استانی اور دیگر والدین کے مطالبے کو ماننے سے انکار کر دیا ہے۔ لی کا کہنا ہے کہ انہوں نے اپنی محنت کی کمائی سے کار خریدی ہے اور وہ اپنے بیٹے کو بہترین زندگی دینا چاہتے ہیں۔ لی کا کہنا ہے کہ اگر دوسرے والدین کو لگژری کار کو دیکھ کر اچھا محسوس نہیں ہو رہا تومسئلہ ان والدین میں ہے۔


اس کہانی کے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد بہت سے لوگ جہاں لی پر تنقید کر رہے ہیں، وہیں بہت سے لوگ ان کی حمایت میں بھی سامنے آ گئے ہیں۔
چینی سوشل میڈیا سائٹ ویبو پر ایک شخص نے اس پر تبصرہ کیا کہ دولت کا فرق ایک حقیقت ہے، اس صورت میں والدین کو لگژری کار چلانے پر دوسروں کو لعنت ملامت کرنے کی بجائے اپنے بچوں کو اس حقیقت کا سامنا کرنا سکھانا چاہیے۔

Browse Latest Weird News in Urdu