چینی شہر میں اصل چاند سے 8 گنا روشن مصنوعی چاند لانچ کیا جائے گا

Ameen Akbar امین اکبر جمعرات 18 اکتوبر 2018 23:56

چینی شہر میں  اصل چاند سے 8 گنا روشن مصنوعی چاند لانچ کیا جائے گا
چینگڈو، چین میں پرائیویٹ سپیس کنٹرایکٹر کمپنی کے چیئرمین نے بتایا ہے کہ وہ جلد ہی ایک مصنوعی چاند لانچ کرنے والے ہیں۔ یہ چاند حقیقی چاند سے 8 گنا روشن ہوگا اور اس قابل ہوگا کہ اس کے ہوتے روایتی سٹریٹ لائٹس کی ضرورت نہ پڑے۔
اس پراجیکٹ کا اعلان چین کے جنوب مغربی صوبے سیچوان کے 14 ملین آبادی کے شہر چینگڈو میں ہونے والی ایک تقریب کے دوران کیا گیا۔


تقریب میں چینگڈو ایرو سپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی مائیکروالیکٹرونکس سسٹم ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے چیئرمین وو چونفینگ نے روشن مصنوعی سیارچے یا مصنوعی چاند کے لانچ کرنے کے منصوبے کے بارے میں بتایا۔ یہ مصنوعی چاند زمین کے 10 سے لیکر 80 مربع کلومیٹر تک کے علاقے کو روشن کرے گا۔
بظاہر اس مصنوعی چاند پر برسوں سے کام جاری ہے لیکن ٹیکنالوجی میں ہونے والی حالیہ جدت کے باعث یہ اب جلد ہی لانچ کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

اگر سب کچھ منصوبے کے مطابق ہوا تو یہ چاند 2020 میں لانچ کر دیا جائے گا۔
اس مصنوعی چاند کے کام کرنے کے طریقہ کار کے بارے میں تفصیلات تو نہیں بتائی گئیں لیکن کچھ میڈیا آؤٹ لٹس کا کہنا ہے کہ مصنوعی چاند کی کوٹنگ خلا میں سورج کی روشنی کو زمین پر منعکس کرے گی۔ اس روشنی کو ایک مخصوص جگہ پر ہی مرکوز کیا جا سکے گا۔
وو چونفینگ نے بتایا کہ سیارچے کی روشنی اور سروس ٹائم دونوں ہی ایڈجسٹ کیے جا سکیں گے۔

روشنی کو دس میٹر کی درستی کے ساتھ کسی بھی جگہ مرکوز کیا جا سکے گا۔
ابھی تک یہ واضح نہیں ہو سکا کہ اس پروجیکٹ کے لیے چینی حکومت یا چینگڈو کی شہری حکومت بھی تعاون کر رہی ہے یا نہیں۔ تاہم شہری حکومت کا کہنا ہے کہ اس منصوبے سے سٹریٹ لائٹ کے اخراجات بھی کم ہونگے اور شہر میں سیاحت کو فروغ ملے گا۔
مصنوعی چاند کا خیال اگرچہ کافی دلچسپ ہے لیکن اس سے کافی سنجیدہ سوالات بھی جنم لے رہے ہیں۔

چینی سوشل میڈیا پر صارفین پوچھ رہے ہیں کہ مصنوعی چاند سے انسانوں اور جانوروں کی نیند کی عادات پر کیا اثر پڑے گا؟ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ مصنوعی چاند گرد کی طرح نظر آنے والی روشنی پیدا کرے گا۔یہ روشنی جانوروں کو متاثر نہیں کرے گی۔
مصنوعی چاند کا یہ منصوبہ فرانسیسی مصور کے فن پارے سے متاثر ہو کر بنایا گیا ہے۔ فرانیسی مصور نے شیشوں سے بنے ایک نیکلس کو زمین کے اوپر معلق دکھایا تھا، جس سے روشنی منعکس ہو کر سارے سال پیرس کو روشن رکھتی تھی۔ 1990 کی دہائی میں روس نے بھی زنامیا کے نام سے اسی طرح کا ایک پروجیکٹ شروع کیا تھا جسے بعد میں ترک کر دیا گیا۔

Browse Latest Weird News in Urdu