دو طالبات کا کلاس فیلوز کو قتل کرنے، ان کا خون پینے اور جہنم میں شیطان کے ساتھ رہنے کا منصوبہ ناکام

Ameen Akbar امین اکبر جمعہ 26 اکتوبر 2018 23:56

دو طالبات کا کلاس فیلوز کو قتل کرنے، ان کا خون پینے اور جہنم میں شیطان کے ساتھ رہنے کا منصوبہ ناکام

وسطی فلوریڈا میں دو مڈل سکول کی طالبات کو کلاس فیلوز کو قتل کرنے، ان کا خون پینے اور گوشت کھانے کے منصوبے پر عمل درآمد سے پہلے ہی گرفتار کر لیاگیا ہے۔
پولیس اہلکاروں کا کہنا ہے کہ 23 اکتوبر کو 11 اور 12 سالہ لڑکیاں سکول میں چاقو لے کر آئیں۔ ان کا ارادہ اپنے منصوبے پر عمل درآمد کا تھا۔ بارٹو مڈل سکول کی ان طالبات کو اسی دن سکول کے باتھ روم سے چاقوؤں سمیت گرفتار کر لیا گیا۔

اب ان پر قتل کی سازش کا مقدمہ چلایا جائےگا۔
پولیس کے مطابق لڑکیاں باتھ روم میں چھوٹے طلبہ کی آمد کا انتظار کر رہی تھیں۔ ان کا منصوبہ تھا کہ چھوٹے طلبہ کے گلے پر چاقو چلا کر ان کا خون پیئں اور گوشت کھائیں۔
حکام کے مطابق لڑکیوں نے شیطان پرست ہونے کا اعتراف کیا اور بتایا کہ قتل کا منصوبہ مکمل ہونے پر انہوں نے خود کو بھی چاقو سے قتل کرنا تھا۔

(جاری ہے)


تفتیشی افسروں نے بتایا کہ لڑکیوں نے یہ منصوبہ ویک اینڈ پر خوفناک فلم دیکھنے کے بعد بنایا تھا۔
لڑکیوں کا منصوبہ تھا کہ وہ کم از کم ایک طالب علم کو قتل کریں گی لیکن انہیں امید تھی کہ وہ 15 سے 25 طلبہ کو قتل کر سکتی ہیں۔ بیان حلفی کے مطابق لڑکیاں قتل کے بعد بدترین گناہ گار ہوتیں اور خود کشی کرنے کے بعد سیدھی جہنم میں جاتیں، جہاں ان کا انجام شیطان کا ساتھ ہوتا۔


لڑکیوں کا منصوبہ اس وقت ناکام ہوا جب ایک لڑکی کے والدین کو خود کار فون کال موصول ہوئی، جس میں بتایا گیا کہ ان کی بیٹی کلاس میں نہیں ہے۔ لڑکی کی ماں نے سکول انتظامیہ کو کال کی۔ سکول انتظامیہ نے لڑکی کی تلاش کی تو وہ انہیں باتھ روم میں ملی۔ جب لڑکیوں کو پرنسپل آفس لایا گیا تو ان کے پاس سے ایک قصائی کا چاقو، ایک کچن کا چاقو، ایک پیزا کٹر اور ایک جام برآمد ہوا۔


اس کے بعد لڑکیوں کو قتل کی سازش کرنے، سکول میں ہتھیار رکھنے، ہتھیار چھپانے اور سکول کے معمولات خراب کرنے پر گرفتار کر لیا گیا۔
پولیس نے لڑکیوں کے گھر کی تلاشی لی تو انہیں گھر سے سکول کا ہاتھ سے بنایا نقشہ بھی ملا، جس پر ”باتھ روم میں جا کر قتل کرو“ لکھا تھا۔ لڑکیوں کے موبائل میں بھی قتل کی تفصیلات تھیں۔ انہوں نے ایک دوسرے کو اس حوالے سے میسج بھی کیے تھے۔ ایک میسج تھا کہ ہم جسمانی اعضا داخلی راستے پر چھوڑ دیں گے، اس کے بعد ہم خود کو قتل کر لیں گے۔

دو طالبات کا کلاس فیلوز کو قتل کرنے، ان کا خون پینے اور جہنم میں شیطان ..

Browse Latest Weird News in Urdu