جس طرح آپ اپنی الیکٹرونکس ڈیوائسز کو ٹھیک کرتے ہیں، اسی دلچسپ طریقے سے ناسا نے بھی ہبل دوربین کی خرابی دور کر دی

Ameen Akbar امین اکبر جمعہ 26 اکتوبر 2018 23:56

جس طرح آپ اپنی الیکٹرونکس ڈیوائسز کو ٹھیک کرتے ہیں، اسی دلچسپ طریقے سے ناسا نے بھی ہبل دوربین کی خرابی دور کر دی
ایک رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ ناسا میں کام کرنے والے زبردست دماغ بھی جب ماؤف ہو جائیں تو چیزوں کو اس عام سے طریقے سے بھی درست کیا جا سکتا ہے، جس سے ساری دنیا میں بچے اور بڑے اپنی الیکٹرونکس ڈیوائسز درست کرتے ہیں۔
5 اکتوبر کو ناسا کی ہبل خلائی دوربین میں کچھ خرابی ہوئی اور یہ سیف موڈ میں منتقل ہوگئی۔ یہ خرابی جیاروسکوپ میں ہوئی تھی۔
جیاروسکوپ یا گردش نما سے دوربین کو گھما کر نئے ہدف کی طرف لاک کیا جاتا ہے۔


ناسا نے دوربن میں بیک اپ جیاروسکوپ رکھا تو ہے لیکن جب اسے چلایا گیا تو اس میں بھی خرابی آگئی۔ یہ بیک اپ جیاروسکوپ گزشتہ ساڑھے سات سالوں سےبند تھا۔ جب اسے چلایا گیا تو اس کے گھومنے کی رفتار عام حالات سے بہت زیادہ تھی۔
ایک مقام پر ناسا نے ہبل کو درست کرنے کےلیے ”ری سٹارٹ“ کرنے کا فیصلہ کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے دوربین کو مختلف سائیڈوں پر گھماتے ہوئے ہائی موڈ سے لو موڈ میں منتقل کیا۔

دوسرے الفاظ میں اسے آن اور آف کیا۔ جس کے بعد یہ دوربین ٹھیک ہوگئی۔ تاہم ناسا کا دوربین کو بند کر کے چلانا موبائل فون کو ری سٹارٹ کرنے سے کہیں زیادہ پیچیدہ تھا۔
ناسا کےخلا بازوں کے لیے ہبل خلائی دوربین کافی اہم ٹول ہے۔ اسے 1990 میں خلا میں چھوڑا گیا تھا۔ گیلیلیو کی دوربین کے بعد فلکیات میں یہ سب سے اہم پیش رفت ثابت ہوئی ہے۔ ہبل میں موجود ڈیجیٹل کیمرہ ہماری کہکشاں کے دور دراز مقامات کی تصاویر کو ریڈیو ویوز کی شکل میں ہمارے پاس زمین میں بھیجتا ہے۔

ہبل کی تصاویر سے ہی سائنسدانوں نے پتا چلایا کہ کائنات کی عمر 14 ارب سال ہے۔ اسی کی وجہ سے بگ بینگ نظریے پر مزید کام ہوا۔ اسی اہمیت کے پیش نظر ہبل دوربین کی مرمت پر مامور سائنسدان اس کی خرابی پر کافی پریشان تھے۔ خوش قسمتی سے اب یہ خرابی دور ہو گئی ہے۔

متعلقہ عنوان :

Browse Latest Weird News in Urdu